اراکین اسمبلی اپنے اپنے علاقوں میں گیس چوری اور میٹر ٹمپرنگ رکوانے کیلئے اپنا کردارادا کریں، اعظم نذیرتارڑ

پیر 29 اپریل 2024 20:04

اراکین اسمبلی اپنے اپنے علاقوں میں گیس چوری اور میٹر ٹمپرنگ رکوانے کیلئے اپنا کردارادا کریں، اعظم نذیرتارڑ
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 اپریل2024ء) وفاقی وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ نے قومی اسمبلی کو بتایا ہے کہ کوئٹہ ریجن میں گیس نقصانات 55 فیصد ہیں، کوئٹہ میں زائد بلنگ اور زائد سروے چارجز کی بنیادی وجہ گیس چوری اور میٹر ٹمپرنگ ہے، اراکین اسمبلی اپنے اپنے علاقوں میں گیس چوری اور میٹر ٹمپرنگ رکوانے کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔

پیر کو قومی اسمبلی میں حاجی جمال شاہ کاکڑ کے بلوچستان بالخصوص کوئٹہ میں زائد بلنگ اور زائد سروے چارجز سے متعلق توجہ دلائو نوٹس کے جواب میں وزیر پٹرولیم کی جگہ وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ نے ایوان کو بتایا کہ کوئٹہ ریجن میں گیس چوری اور میٹر ٹمپرنگ کی وجہ سے زائد بلنگ اورزائد سروے چارجز کی شکایات آ رہی ہیں۔

(جاری ہے)

مختلف ادوار میں ان کے سدباب کیلئے مہم بھی چلائی گئی اور اقدامات بھی اٹھائے گئے تاہم کوئٹہ ریجن میں یہ نقصانات 55 فیصد سے زائد ہیں۔

شدید سرد موسم میں کراچی کے حصے کی صنعتوں کو دی جانے والی گیس گھریلو استعمال کیلئے صرف کئے جانے کے باوجود اس کی ریکوری بھی نہیں ہوتی، ہائیکورٹ کے احکامات ہیں کہ 57 سو سے زیادہ بل نہیں لیا جا سکتا۔ یہ معاملہ سپریم کورٹ میں زیر سماعت ہے۔ وزارت اس پر کام کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ قدرتی وسائل قومی سرمایہ ہیں اس کو چوری اور میٹر ٹمپرنگ کر کے ضائع کیا جانا مناسب نہیں اس سے مشکلات رہیں گی اور ایسا نہیں ہو سکتا کہ چوری اور میٹر ٹمپرنگ کے باوجود بل کم آئیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اگر معززرکن کے پاس کوئی اچھی تجاویز ہیں تو ان کی متعلقہ حکام کے ساتھ ملاقات کا انتظام کروا دیتے ہیں ہم عوام کیلئے آسانیاں چاہتے ہیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں