پاکستان جوڈو فیڈریشن کا آئندہ ماہ یورپ میں ہونے والے تین بین الاقوامی مقابلوں کیلئے قومی کھلاڑیوں کا اعلان

بدھ 22 جنوری 2020 12:43

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جنوری2020ء) پاکستان جوڈو فیڈریشن نے آئندہ ماہ یورپ میں ہونے والے تین بین الاقوامی مقابلوں کیلئے قومی کھلاڑیوں کا اعلان کردیا ہے۔ پاکستان جوڈو فیڈریشن کے نائب صدر اور ڈائریکٹر میڈیا مسعود احمد خان نے بتایا کہ آئندہ ماہ فروری میں ہونے والے تین بین الاقوامی مقابلوں میں شاہ حسین اور آمنہ طیاڈا پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ شاہ حسین شاہ اور آمنہ طیاڈا آئندہ ماہ 5 سے 10 فروری تک فرانس میں پیرس گرینڈ سلام، 14 سے 15 فروری تک یورپی اوپن سلواکیہ اور 22 سے 26 فروری تک جرمنی میں ہونے والے گرینڈ سلام میں شرکت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں کھلاڑیوں کا انتخاب ان کی عالمی رینکنگ بہتر بنانے کیلئے کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

دونوں کھلاڑی جاپان میں بھر پور تربیت حاصل کررہے ہیں اور وہ وہاں سے براہ راست ان ایونٹس میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔

آمنہ طیاڈا کی اس ایونٹ میں شرکت سے ان کی عالمی رینکنگ میں بہتر ی آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ شاہ حسین شاہ عالمی رینکنگ میں 42 ویں نمبر پر موجود ہے، ان کا اگست میں ٹوکیو میں ہونے والے اولمپکس گیمز کیلئے 20 سے 25 ویں نمبر پر عالمی رینکنگ پر آنا ضروری ہے جس کیلئے فیڈریشن نے شاہ حسین شاہ کو فروری میں تین بین الاقوامی ایونٹس میں بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ شاہ حسین شاہ ان مقابلوں کی تیاری کیلئے جاپان میں بھرپور تربیت حاصل کر رہے ہیں۔ فیڈریشن نے امید ظاہر کی کہ شاہ حسین شاہ ان بین الاقوامی مقابلوں میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرکے عالمی رینکنگ میں 30ویں پوزیشن پر آ جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اولمپک گیمز کیلئے کوالیفیکیشن مقابلے مئی تک جاری رہیں گے جس کیلئے فیڈریشن نے مارچ اور اپریل ترکی اور روس میں بھی ہونے والے گرینڈ سلام میں شاہ حسین شاہ کو بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ ان کی عالمی رینکنگ میں مزید بہتری آ جائے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں