ریلیف سرگرمیوں میں مستحق افراد کی تصویریں بنانے پر عوام کا شدید رد عمل

ہفتہ 4 اپریل 2020 23:34

جیکب آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 04 اپریل2020ء) ریلیف سرگرمیوں میں مستحق افراد کی تصویریں بنانے پر عوام کا شدید رد عمل، مستحق افراد امدادی سامان لینے سے بھی گھبرانے لگے۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق جیکب آباد میں سیاسی جماعتوں اور مختلف مخیر حضرات کی جانب سے مالی امداد اور ریلیف سرگرمیوں کے دوران مستحق افراد کی تصویریں بنانے پر عوام کی جانب سے شدید رد عمل سامنے آرہا ہے شہریوں نے اپنا ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ غریب اور مستحق افراد حالات کے ہاتھوں مجبور ہوکر اپنے بچوں کا پیٹ بھرنے کے لیے مدد لینے پر مجبور ہوئے ہیں لیکن ہر سطح پر موبائل نکال کر تصویر بناکر انہیں دوسروں کی نظروں میں رسوا کیا جارہا ہے، عوام نے سیاسی جماعتوں اور مخیر حضرات سے اپیل کی کہ وہ اس عمل سے باز رہے اور کسی کی مجبوریوں سے فائدہ نہ اٹھائیں، مستحق افراد کی امداد کے نام پر تذلیل پر سوشل میڈیا صارفین نے بھی شدید غم و غصہ کا اظہار کیا ہے سوشل میڈیا صارفین نے موقف اختیار کیا ہے کہ 5 کلو آٹے، 2 کلو دال، دو کلو چینی، آدھا پاؤ چائے کی پتی اور ایک کلو گھی پر غریب اور مستحق لوگوں کو رسوا نہ کیا جائے ، دوسری جانب مستحق افراد اب امدادی سامان لینے سے بھی گھبرا رہے ہیں مستحق افراد کا اس سلسلے میں کہنا تھا کہ بچوں کی بھوک دیکھی نہیں جاتی لاک ڈاؤن کی وجہ سے ہمارے کاروبار بند ہیں اس لیے مجبور ہوکر امدادی سامان لے رہے ہیں مگر ہماری تصویریں بنا کر ہمیں کہی کا نہیں چھوڑ جارہا، مستحق افراد نے مخیر حضرات سے مطالبہ کیا کہ خدارا مدد کریں تذلیل نہ کریں۔

جیکب آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں