جیکب آباد میں سود خوری کے مکروہ دھندے نے کئی گھر اجاڑ دئیے

سرکاری ملازمین کے اے ٹی ایم اور چیک بکس بھی سود خوروں کے قبضے، پولیس خاموش تماشائی ْ

منگل 30 اپریل 2024 17:20

جیکب آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 اپریل2024ء) جیکب آباد میں سود خوری کے مکروہ دھندے نے کئی گھر اجاڑ دئیے، ہزاروں سرکاری ملازمین اور سفید پوش سودخوروں کے شکنجے میں جکڑے ہوئے، سرکاری ملازمین کے اے ٹی ایم اور چیک بکس بھی سود خوروں کے قبضے، پولیس خاموش تماشائی۔ تفصیلات کے مطابق جیکب آباد میں سودخوری کے گھناؤنے دھندے نے ہزاروں خاندانوں کو اجاڑ دیا ہے سود خور سرعام اپنا مکروہ دھندا جاری رکھے ہوئے ہیں جبکہ پولیس سود خوروں کی معلومات ہونے کے باوجود ان کے خلاف کوئی کاروائی نہیں کررہی جس کی وجہ سے اس مکروہ دھندے میں ملوث افراد دیدا دلیری سے اپنا کام جاری رکھے ہوئے ہیں، ملنے والی اطلاعات کے مطابق سود خوروں نے ہزاروں سرکاری ملازمین کی دستخط شدہ چیک بکس، اے ٹی ایم کارڈ سمیت سفید پوش افراد کے املاک ، زرعی زمینوں کی دستاویزات کو اپنے قبضے میں لے رکھا ہے جس کی بنیاد پر وہ لوگوں کو دونوں ہاتھوں سے لوٹ رہے ہیں، سود خور سرکاری ملازمین کی تنخواہیں خود جاکر بینک اور اے ٹی ایم سے نکلوا لیتے ہیں اور کوئی ان سے پوچھنے والا نہیں سود خوروں کے چنگل میں پھنسے لوگ خودکشیاں کرنے پر مجبور ہوچکے ہیں، دوسری جانب شہری جب سودخوروں کی شکایات لیکر پولیس کے جاتے ہیں تو پولیس ان کی مدد کرنے کے بجائے سود خور وں کے ساتھ ملی بھگت کرکے متاثرہ شخص کو ہی گرفتار کرلیا جاتا ہے، جیکب آباد میں چند سال قبل پولیس نے سودخوروں کے خلاف کاروائی کا فیصلہ کیا تھا لیکن سود خور اتنے بااثر ہیں کہ پولیس بھی ان کے خلاف کاروائی کرنے سے کترارہی ہے۔

(جاری ہے)

جے یو آئی کے ضلع امیر ڈاکٹر اے جی انصاری نے کہا کہ جیکب آباد ضلع میں سود کا مکروہ دھندا سرعام چل رہا ہے لیکن ان کے خلاف کاروائی کرنے کے لیے کوئی تیار نہیں سودخوری کی وجہ سے ہزاروں خاندان تباہ ہوچکے ہیں اور ہزاروں لوگوں کی کروڑوں کی املاک پر بھی سود خوروں کا قبضہ ہے، انہوں نے کہا کہ سود خوری کے گھناؤنے دھندے کو روکنے کے لیے پولیس کو کردار ادا کرنا ہوگا اور سودخوروں کو گرفتار کرکے ان کے خلاف مقدمات درج کرنا ہوگا تاکہ مزید خاندانوں کو اس تباہی سے بچایا جاسکے۔

متعلقہ عنوان :

جیکب آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں