کراچی اسٹاک مارکیٹ میں گزشتہ ہفتہ شدیدمندی کا رحجان رہا

کے ایس ای 100انڈیکس3بالائی حدوں سے نیچے گرگیا(انڈیکس35ہزار پوائنٹس کی نفسیاتی حدپربرقرار دیکھا گیا

ہفتہ 11 جولائی 2015 17:37

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 11 جولائی۔2015ء) کراچی اسٹاک مارکیٹ میں گزشتہ ہفتہ شدیدمندی کا رحجان رہا ، کے ایس ای 100انڈیکس3بالائی حدوں سے نیچے گرگیا تاہم انڈیکس35ہزار پوائنٹس کی نفسیاتی حدپربرقرار دیکھا گیا۔ بازار حصص کی سرگرمیاں ماند پڑنے اور کاروباری اتار چڑھاؤ کے باعث گذشتہ ایک ہفتہ کے دوران سرمایہ کاروں کے27ارب سے زائد روپے ڈوب گئے جس کے باعث سرمائے کا مجموعی حجم76 کھرب روپے کی سطح سے گھٹ کر 75کھرب روپے رہ گیا۔

کراچی اسٹا ک مارکیٹ میں نئے مالی سال کے آغاز پر تسلسل کے ساتھ ریکارڈ بنائے جانے کا سلسلہ گذشتہ ہفتہ ٹوٹ گیا۔ گزشتہ کاروباری ہفتے کے آغاز پر غیر ملکی سرمایہ کاروں کی دلچسپی ،روپے کی قدر میں استحکام اور کم شرح سود کی وجہ سے مارکیٹ میں مثبت رحجان دیکھا گیا 5کاروباری دنوں میں سے 2روز تک تیزی کا رحجان رہاجبکہ مارکیٹ تین روز مندی کی زد میں رہی ۔

(جاری ہے)

گزشتہ پیر تا جمعہ ٹریڈنگ کے دوران کے ایس ای 100انڈیکس ایک موقع پر35637.49پوائنٹس کی بلند سطح پر جا پہنچا تاہم زیادہ تر مارکیٹ میں منافع خوری کا عنصر غالب رہا اور فروخت کے دباؤ کے سبب انڈیکس بلند سطح کو برقرار نہ رکھ سکا اسی وجہ ست گذشتہ ہفتہ ایک موقع پر انڈیکس 35092.16پوائنٹس کی کم ترین سطح تک گر گیا تھا ۔کراچی اسٹاک مارکیٹ کی ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق پیر تا جمعہ کے دوران کے ایس ای 100انڈیکس میں344.06پوائنٹس کی کمی واقع ریکارڈ کی گئی جس سے کے ایس ای 100انڈیکس35400 ،35300 اور35200پوائنٹس کی3بالائی حدوں سے نیچے گر گیا اورانڈیکس 35456.35پوائنٹس سے گھٹ کر 35112.29پوائنٹس پر بند ہوا اسی طرح کے ایس ای 30انڈیکس 354.01پوائنٹس کی کمی سے21959.46پوائنٹس اور کے ایس ای آل شیئر انڈیکس 24624.59پوائنٹس سے کم ہوکر24524.79پوائنٹس پر آگیا۔

کاروباری اتار چڑھاؤ کے باعث رونما ہونے والی مندی کے سبب مارکیٹ کے سرمائے میں27ارب44کروڑ48لاکھ91ہزار276روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی جس سے مارکیٹ کا مجموعی سرمایہ 76کھرب2ارب49کروڑ96لاکھ44ہزار110روپے سے گھٹ کر 75کھرب75ارب5کروڑ47لاکھ52ہزار834 روپے رہ گیا۔گزشتہ ہفتہ کراچی اسٹاک مارکیٹ میں زیادہ سے زیادہ44کروڑ20لاکھ 25ہزار حصص کا کاروبار ہوا اور ٹریڈنگ ویلیو19ارب روپے ریکارڈ کی گئی جبکہ کم سے کم کاروباری لین دین 31کروڑ60لاکھ17ہزار حصص رہا اور اس دن ٹریڈنگ ویلیو10ارب روپے تک محدود دیکھا گیا۔

کراچی اسٹاک مارکیٹ میں گزشتہ ہفتہ مجموعی طور پر1833کمپنیوں کا کاروبار ہوا جن میں سے 852کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں اضافہ، 883میں کمی اور98کمپنیوں کے شیئرز کی قیمتوں میں استحکام رہا۔کاروبارکے لحاظ سے کے الیکٹرک، ٹی آرجی پاک،پاک انٹرنیشنل بلک،جہانگیر صدیقی کمپنی،بائیکو پیٹرولیم،دیوان سیمنٹ،پیس پاک اور ٹی پی ایل ٹریکر سرفہرست رہے۔

متعلقہ عنوان :

جعفر آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں