اسلام اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کی بات ،احترام انسانیت کا حکم دیتاہے، عبد الخبیر آزاد

جڑانوالہ میں مسیحی برداری کی عبادت گاہوں اور ان کے مکانوں کو جلانا غیرشرعی عمل ہے، چیئرمین رویت ہلال کمیٹی

اتوار 20 اگست 2023 19:55

لاہور/جڑانوالہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اگست2023ء) چیئر مین مرکزی رویت ہلال کمیٹی /چیئرمین انٹرفیتھ کونسل فار پیس اینڈ ہارمنی پاکستان مولانا سید محمد عبد الخبیر آزاد نے کہا ہے کہ اسلام اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کی بات کرتاہے اور احترام انسانیت کا حکم دیتاہے۔ آئین پاکستان اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کا ضامن ہے۔اگر کوئی بھی شخص توہین کا مرتکب پایا جاتاہے تو ریاست کی ذمہ داری ہے کہ اس شخص کو پکڑ کر قرار واقعہ سزا دے تاکہ ایسے واقعات کا سد باب ہوسکے،کرسچین کالونی جڑانوالہ میں مسیحی برداری کی عبادت گاہوں اور ان کے مکانوں کو جلانا غیرشرعی عمل ہے،اسلام قطعا ہمیں اس چیز کی اجازت نہیں دیتا۔

سانحہ جڑانوالہ واقعہ کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔

(جاری ہے)

اس امر کا اظہار انہوں نے مسیحی برادری کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لئے تمام مذاہب کی جید شخصیات پر مشتمل وفد کے ہمراہ کرسچین کالونی عیسی نگرو دیگر مقامات کے دورہ کے موقع پر میڈیا اور متاثرین سے گفتگو میں کیا ۔ مولانا سید عبد الخبیر آزاد نے کہا کہ جڑانوالہ کرسچین کالونی عیسی نگری میں آکر مکانات اور عبادت گاہوں کو جلا ہوا دیکھ کر میرا دل رنجیدہ ہو گیا ہے،ریاست اور ریاستی اداروں کے ہوتے ہوئے قانون کو ہاتھ میں لے کر سڑکوں پر عدالتیں لگانا اور فیصلے کرنا اسلام اور آئین پاکستان اس کی اجازت نہیں دیتا،قرآن کریم اور تمام الہامی کتب کی عزت و تکریم اور انبیا ئے کرام کے ناموں کا تحفظ ہم سب کے ایمان کا حصہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک دشمن عناصر چاہتے ہیں کہ ملک کے اندر بدامنی کو پیدا کیا جائے اور مسلم مسیحی فسادات کروا کر پاکستان کی قومی یکجہتی کو نقصان پہنچایا جائے،ہم ملک دشمن شرپسند عناصر کو بتا دینا چاہتے ہیں کہ ہم تمہاری ناپاک سازشوں کو نہیں چلنے دیں گے،ملک پاکستان ہم سب کا ملک ہے،ہم نے پاکستان کو انتشار اور تشدد سے پاک پرامن پاکستان بنانا ہے،آج پوری قوم افواج پاکستان اور سیکورٹی اداروں کے ساتھ کھڑی ہے۔

اس موقع پر معروف مسیحی راہنماآرچ بشپ سبسٹین شا نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم سانحہ جڑانوالہ کرسچن کالونی عیسی نگری ودیگر مقامات پر مسیحی عبادت گاہوں اور مسیحی برادری کے گھروں کو آگ لگانے کی شدید مذمت کرتے ہیں۔پاکستان کی سلامتی و تحفظ کیلئے ہم سب ایک ہیں،سانحہ جڑانوالہ پر پوری قوم دکھی ہے اور حکومت سے مطالبہ ہے کہ ملوث افراد کو سخت سزا دی جائے،اور کسی ایسے بے گناہ شخص کو نہ پکڑا جائے جس کا اس سانحہ سے کوئی تعلق نہ ہو،حکومت پاکستان اور ریاستی ادارے تمام مذاہب کی عبادت گاہوں کے تحفظ کو یقینی بنائیں۔آخر میں پاکستان کی سلامتی،استحکام،ترقی و خوشحالی،قومی یکجہتی کیلئے اجتماعی دعابھی کی گئی۔

جڑانوالہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں