رکن صوبائی اسمبلی جھنگ راشدہ یعقوب کیخلاف دائرانتخابی عذرداریوں کی سماعت 23 اپریل تک ملتوی

جمعرات 16 اپریل 2015 13:18

جھنگ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 16اپریل۔2015ء ) :الیکشن ٹربیونل فیصل آبادو سرگودھا ڈویژنز کے جج جاوید رشید محبوبی نے جمعرات کے روز صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی پی 78جھنگ سے تعلق رکھنے والی ممبر صوبائی اسمبلی راشدہ یعقوب شیخ کے خلاف دائر انتخابی عذرداریوں کی سماعت کیلئے وکلاء کی حتمی بحث کی تاریخ 23 اپریل بروز جمعرات مقرر کردی ہے ۔عدالتی ذرائع نے بتایاکہ محمداحمدلدھیانوی بنام راشدہ یعقوب شیخ وغیرہ کی دائر کردہ الیکشن پٹیشن نمبر 119/2013 ، شیخ دانیال اقبال کی راشدہ یعقوب شیخ وغیرہ کے خلاف دائر الیکشن پٹیشن نمبر 391/2013 ، محمد سعید اختر کی راشدہ یعقوب شیخ وغیرہ کے خلاف دائر الیکشن پٹیشن نمبر 208/2013 اور طارق اسلم کی راشدہ یعقوب شیخ کے خلاف دائر درخواست زیر دفعہ 76-A کے تحت موصوفہ 16اپریل بروز جمعرات کو عدالت کے روبرو پیش ہوئیں ۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ اہلسنت و الجماعت پاکستان کے سربراہ اور مذکورہ حلقہ سے 11مئی 2013ء کے انتخابات میں دوسرے نمبر پر آنیوالے امیدوار مولانا محمد احمد لدھیانوی ، شیخ دانیال اقبال ، ماسٹر محمد سعید اختر اور ایک شہری شیخ طارق اسلم کی جانب سے کامیاب امیدوار راشد ہ یعقوب شیخ کے خلاف دائر کی گئی انتخابی عذرداریوں میں مختلف الزامات عائد کرتے ہوئے انہیں نااہل قراردینے کی استدعا کی گئی تھی ۔

11 مئی 2013ء کو منعقد ہونے والے عام انتخابات میں صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی پی 78جھنگ II شہری نشست سے مسلم لیگ (ن) کی امیدوار راشدہ یعقوب نے 42870 ووٹ لے کر کامیابی حاصل کی تھی جبکہ متحدہ دینی محاذ کے امیدوار مولانا محمد احمدلدھیانوی نے 40938 ، پی ٹی آئی کے امیدوار ڈاکٹر ابوالحسن انصاری نے 10217 ، آزاد امیدوار شیخ دانیال اقبال نے 8665، آزاد امیدوار وقاراحمدانصاری نے 5950 ، آزادامیدوار سید اختر عباس شیرازی نے 2725، پی ایم ایل (ق)کے امیدوار استقلال حسین قیصر نے 388، جماعت اسلامی کے امیدوار محمد طارق فاروق صابری نے 158اور ایم کیو ایم کے امیدوار رانا کلیم الرحمن نے 39ووٹ حاصل کئے تھے۔

جھنگ میں شائع ہونے والی مزید خبریں