جھنگ، مسافر اے سی کوچ اور کوسٹر میں تصادم سے 3 افراد ہلاک، 25 زخمی،زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کواٹر ہسپتال جھنگ منتقل کر دیا گیا، بعض کی حالت تشویشناک، ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ

پیر 25 جون 2007 23:05

جھنگ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔25جون۔2007ء) جھنگ میں ملہوانہ موڑ کے قریب مسافر اے سی کوچ اور کوسٹر کے درمیان تصادم کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق اور 25 زخمی ہو گئے جنہیں تحصیل ڈسٹرکٹ ہیڈ کواٹر ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے، زخمیوں میں سے بعض کی حالت تشویشناک ہے جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔ واقعہ کی تحقیقات شروع کر دی گئیں۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز جھنگ کے قریب ملہوانہ موڑ پر صوفی ٹیکسٹائل ملز کے قریب اے سی مسافر کوچ اور کوسٹر کا تصادم ہو گیا جس کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق اور 25 زخمی ہو گئے جنہیں فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہیڈ کواٹر ہسپتال جھنگ منتقل کر کے ان کا علاج شروع کرایا گیا، عینی شاہدین کے مطابق اے سی کوچ نمبر JA-3355 احمد پور سیال سے جھنگ آرہی تھی جبکہ کوسٹر نمبر JA-6033 جھنگ سے خوشاب جا رہی تھی کہ اس دوران ان کا ملہوانہ موڑ پر صوفی ٹیکسٹائل ملز کے قریب تصادم ہو گیا جس کے نتیجے میں ایک زور دار دھماکہ ہوا اور اے سی کوچ کو آگ لگ گئی۔

(جاری ہے)

جسے فائر بریگیڈ کے عملے کی مدد سے بھجایا گیا۔ عینی شاہدین کے مطابق حادثے کے نتیجے میں 3 افراد موقع پر جاں بحق اور 25 زخمی ہو گئے جنہیں ڈسٹرکٹ ہیڈ کواٹر ہسپتال جھنگ منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ ہلاک ہونیوالے تینوں افراد کی لاشیں ہسپتال لائی گئی ہیں ہلاک ہونے والوں میں صرف ایک مسافر خالد مسعود ولد محمد یعقوب کا نام معلوم ہو سکا جس کا تعلق سرگودھا سے بتایا گیا ہے۔ زخمیوں میں سے 5 کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔ عینی شاہدین کے مطابق حادثے کے دوران شدید چیخ و پکار اور بچاؤ بچاؤ کی آوازیں سنائی دے رہی تھیں۔ واقعے کے فوری بعد انتظامیہ موقع پر پہنچ گئی اور واقعہ کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔

متعلقہ عنوان :

جھنگ میں شائع ہونے والی مزید خبریں