چناب کالج معیاری تعلیم کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہی ہے ،ڈپٹی کمشنر

اتوار 15 اکتوبر 2017 21:41

جھنگ۔15 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اکتوبر2017ء) چیئر مین جھنگ ایجوکیشنل ٹرسٹ /ڈپٹی کمشنرمدثر ریاض ملک نے کہا ہے کہ ضلع جھنگ کا چناب کالج معیاری تعلیم کے فروغ میں نہ صرف اہم کردار ادا کر رہا ہے بلکہ اپنی کارکردگی کے پیش نظرڈویژن بھر کے تعلیمی اداروں سے بھی سبقت لے چکے ہیں، تحصیل اٹھارہ ہزاری جیسے پسماندہ علاقہ میں چناب کالج کیا قیام یہاں کے طلباء و طالبات کیلئے اعلیٰ تعلیم کے حوالہ سے ایک سنگ میل ثابت ہوگا۔

ان خیالات کا اظہار انہوںنے چناب کالج اٹھارہ ہزاری کی عمارت کے پہلے بلاک کے افتتاح کے موقع پر منعقدہ تقریب سے بطور مہمان خصوصی کیا۔ اس موقع پر رکن صوبائی اسمبلی میاں محمد اعظم چیلہ،اسسٹنٹ کمشنر شبیر احمد ڈوگر،ضلع کی دیگر تحصیلوں کے چناب کالجزکے پرنسپل زہدخورشید لودھی، میاں اسلم ساجد ،ہدایت اللہ خان ، معززین علاقہ ،سماجی و کاروباری شخصیات اورماہرین تعلیم بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر مدثر ریاض ملک نے کہا کہ تحصیل اٹھارہ ہزاری جیسے پسماندہ علاقے میں ایسی درسگاہ کا قیام ایک نعمت ہے یہاںطلباء وطالبات اور سٹاف کو تمام ممکنہ سہولیات فراہم کریں گے۔ انہوں نے کہا چناب کالج اٹھارہ ہزاری کے نئے ٹیچنگ بلاک کا تخمینہ ایک کروڑ چالیس لاکھ روپے تھاجسے مکمل کر کے چالیس لاکھ کی بچت کی گئی ہے۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ جھنگ ایجوکیشنل ٹرسٹ کے چیئرمین کے طور پر وہ بہت فخر محسوس کرتے ہیں کہ اس کے زیر اہتمام چلنے والے ادارے چناب کالج نے تعلیمی کارکردگی میں ڈویژن بھر کے بڑے بڑے دوسروں اداروں کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ڈپٹی کمشنر نے اساتذہ کرام کو تاکید کی کہ تعلیمی اداروں میں بچوں کو معیاری تعلیم کی فراہمی اولین ترجیح ہونی چاہیے اس سلسلہ میں انہیں جدید تقاضوں کے مطابق مہارتوں سے آراستہ کریں تاکہ وہ مستقل کے چیلنجز کا مقابلہ کرنے کیلئے تیا رہیں۔

پرنسپل چناب کالج اٹھارہ ہزاری ملک محمد اکرم طارق نے تدریسی و انتظامی امور بارے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ اس ادارہ کا قیام ڈیڑھ سال قبل لایاگیا اس وقت یہاںنرسری سے چھٹی کلاس تک 350طلباء زیر تعلیم ہیں جو کہ ادارے پروالدین کے بھرپور اعتماد کا ثبوت ہے جبکہ حالیہ بلاک کی تعمیر سے طلباء کی تعداد چھ سو تک ہو جائے گی ادارے میں انتہائی محنتی تجربہ کار اور اعلی تعلیم یافتہ استاد ہیں جو بچوں کی صلاحیتیں نکھارنے اور انہیں بامقصد شہری بنانے میں مصروف عمل ہیں۔

دریں اثناء ڈپٹی کمشنر مدثر ریاض ملک نے تدریسی عمل کا جائزہ لینے کے حوالہ سے مختلف کلاس رومز کا دورہ کیا اور اساتذہ کو ہدایت کی کہ طالبعلموں میں چھپی ہوئی صلاحیتوں کو اجاگر کریں اور تما م تر توجہ طالبعلموں کی کردار سازی پر مرکوز رکھیں۔ انہوں نے تحصیل اٹھارہ ہزاری میں عالمی معیار کا باسکٹ بال گرئوانڈ بنانے کا بھی اعلان کیا۔

متعلقہ عنوان :

جھنگ میں شائع ہونے والی مزید خبریں