ڈپٹی کمشنر کا ترقیاتی سکیم نامکمل چھوڑنے پر محکمہ پبلک ہیلتھ کے حکام پر اظہار برہمی

سکیم کی تکمیل میں حائل تمام ناجائز تجاوزات ہٹا کر نالے کی تعمیر مکمل کرنے کی ہدایت

بدھ 27 دسمبر 2017 16:51

جھنگ۔27 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 دسمبر2017ء)ڈپٹی کمشنر جھنگ مدثر ریاض ملک نے شہر کے اہم ترین علاقہ وارڈ نمبر 36محلہ سلطان والا جھنگ صدر کی پیپل والا چوک تا جوگیاں والا نالے کی تعمیر کا کام نا مکمل چھوڑنے پر محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئر نگ جھنگ کے ایگزیکٹو انجینئر و دیگر حکام پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے نالے کی تعمیر کی راہ میں حائل تمام ناجائز تجاوزات فوری ہٹا کر سکیم مکمل کرنے کا حکم دیا ہے۔

اسسٹنٹ ڈائریکٹر ٹیکنیکل ، ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ آفس جھنگ کی جانب سے ایگزیکٹو انجینئر پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ جھنگ کو ارسال کئے گئے تحریری مراسلہ میں کہا گیا ہے کہ ڈپٹی کمشنر جھنگ مدثر ریاض ملک کے علم میں یہ بات لائی گئی ہے کہ محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ جھنگ کا ٹھیکیدار محلہ سلطان والا گلی پیپل چوک والی تا جوگیاں والا محلہ براستہ نوشاد علی رانا ایڈووکیٹ چوک وارڈ نمبر 36جھنگ صدر کا نالے کی تعمیر کا کام ادھورا چھوڑ کر غائب ہو گیا ہے جس سے اہل علاقہ کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے بتایاکہ سائٹ کے معائنہ کے دوران علم ہوا ہے کہ پیپل والا چوک کے قریب رہائش پذیر ایک بااثر شخص حاجی محمد شریف کریانہ والے نے ناجائز و غیر قانونی تعمیرات کر کے نالے کی تعمیر مکمل نہ ہونے دی ہے مگر اس پر محکمہ نے کوئی نوٹس نہ لیا ہے۔انہوںنے کہا کہ ڈپٹی کمشنر جھنگ کی جانب سے سختی سے ہدایت کی گئی ہے کہ وہ نالے کی تعمیر کی راہ میں حائل رکاوٹیں اور نا جائز تعمیرات فوری ختم کر کے نالے کی بلا تاخیر تکمیل یقینی بنائیں اور ورک آرڈر کے مطابق سکیم کو مکمل کرنے میں کسی غفلت کا مظاہرہ نہ کیا جائے۔

جھنگ میں شائع ہونے والی مزید خبریں