خصوصی افراد کیلئے رعائتی سفری کارڈ کا اجرا کیا جارہا ہے،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو

جمعرات 4 جنوری 2018 22:55

جھنگ۔4 جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 جنوری2018ء)ڈپٹی کمشنر مدثر ریاض ملک کی ہدایت پر خصوصی افراد کی بحالی اور فلاح و بہبود کے حوالہ سے ڈپٹی کمشنر کے کمیٹی روم میں خصوصی اجلاس ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو سجاد احمد خان کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر اظہر عباس عادل اور ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر مہر الطاف حسین سمیت خصوصی افراداور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو نے خصوصی افراد کے نمائندگان کو ہدایات جاری کی ہیں کہ مختلف محکمہ جات میںمخصوص سیٹوں کے کوٹہ کا جائزہ لیں تاکہ درجہ چہارم میں خصوصی افراد کی تعیناتی کے عمل کو یقینی بنایا جاسکے۔انہوںنے کہا کہ حکومت پنجاب کی طرف سے سماعت و بصارت سے محروم اوردیگر خصوصی افراد کی مشکلات کو کم کرنے کیلئے جلد ہی خصوصی افراد کے لئے رعائتی سفری کارڈ کا اجرا بھی کیا جارہا ہے اور اس حوالہ سے ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر جھنگ کے دفتر میں خصوصی افراد کی رہنمائی کے لئے ایک سہولت سیل بھی قائم کر دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

قبل ازیں ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر نے خصوصی افراد کی بحالی اور فلاح و بہبود کے حوالہ سے کئے گئے اقدامات اور کاکردگی کے حوالہ سے بتایا کہ ڈپٹی کمشنرجھنگ کی طرف سے خصوصی افراد کے مابین کھیلوں کے مقابلہ جات میں پوزیشن حاصل کرنے والے طلباء و طالبات میں ایک لاکھ روپے کے نقد انعامات تقسیم کئے گئے جبکہ34خصوصی افراد کو 2لاکھ 72 ہزارروپے کے مالیتی چیک ضلعی بیت المال کمیٹی جھنگ کے توسط سے تقسیم کئے جا چکے ہیں۔ انہوںنے مزید بتایا کہ حکومت پنجاب نے اعلیٰ تعلیم یافتہ خصوصی افراد کیلئے صوبہ بھر کے مختلف محکموں میں ایک تا پندرہ سکیل کی 38سیٹیں مختص کی ہیں جن پر بھرتی ہونے کیلئے خصوصی افراد درخواستیں جمع کروا سکتے ہیں۔

جھنگ میں شائع ہونے والی مزید خبریں