صحت مند معاشرے کی تشکیل کیلئے صحت کے شعبہ کو صحت مند ہونا چاہیے ، ڈپٹی کمشنر

جمعرات 19 جولائی 2018 23:53

جھنگ ۔19جولائی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جولائی2018ء) ڈپٹی کمشنر حافظ شوکت علی نے کہا ہے کہ صحت مند معاشرے کی تشکیل کیلئے صحت کے شعبہ کو صحت مند ہونا چاہیے جس کیلئے تحصیل ہیڈکوارٹرز اور دیہی و بنیادی مراکز صحت کی اپ گریڈیشن کے حوالہ سے خصوصی توجہ دی رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے اپنے دورہ کے دوران تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال احمد پور سیال میںطبی سہولیات کی فراہمی کا جائزہ لیتے ہوئے کیا۔

ڈپٹی کمشنر نے ٹی ایچ کیو ہسپتال میں ادویات کا سٹاک،عملہ کی حاضری،باتھ رومز،صفائی ستھرائی اوردیگر انتظامی امورکا جائزہ لیتے ہوئے اسے مزید موثر اور فعال بنانے کی ہدایات جاری کیں۔ انہوںنے اس موقع پر علاج معالجہ کے سلسلہ میں آئے ہوئے مریضوں اور انکے لواحقین سے مفت ادویات کی فراہمی کے حوالہ سے تبادلہ خیال کیا۔

(جاری ہے)

انہوںنے محکمہ صحت کے انتظامی افسران کوہدایت کی کہ ہسپتال کے اندون اور بیرون اطراف میں صفائی ستھرائی کے کام کو ہنگامی بنیادوں پر مکمل کریں ۔

اس ضمن میں کسی قسم کی غفلت، لاپرواہی اور نااہلی ہرگز برداشت نہیں کی جائیگی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت عوام کوعلاج معالجہ اوردیگربنیادی سہولیا ت کی فراہمی اور ان میں بہتری لانے کے حوالہ سے بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ محکمہ صحت کی تمام ترقیاتی سکیمیں اعلیٰ معیار اور مقررہ مدت کے اندر یقینی بنائی جائیں تاکہ مریضوں اور لواحقین کوحکومتی سہولیات کے ثمرات بروقت پہنچائے جا سکیں۔اس موقع پر میڈیکل سپرنٹنڈنٹ نے ہسپتال کی کارکردگی اور جاری ترقیاتی کاموں کی تازہ ترین تعمیراتی پیشرفت کے بارے میں بریفنگ دی۔

متعلقہ عنوان :

جھنگ میں شائع ہونے والی مزید خبریں