محکمہ سوشل ویلفیئراینڈ بیت المال کے زیر اہتمام عالمی یوم سفید چھڑی پر سیمینار کا انعقاد

ہفتہ 15 اکتوبر 2016 21:01

جھنگ۔15 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اکتوبر2016ء)حکومت پنجاب کی ہدایات پر عالمی یوم سفید چھڑی بھرپور انداز میں منانے کے لئے محکمہ سوشل ویلفیئراینڈ بیت المال کے زیر اہتمام سوشل ویلفیئر کمپلیکس میں ایک خصوصی سیمینار منعقد ہوا۔جس میں اسسٹنٹ کمشنر شاہد عباس جوئیہ ٬چیئر مین ڈسٹرکٹ کوآرڈی نیشن کونسل شیخ نواز اکرم٬ڈسٹرکٹ آفیسر سوشل ویلفیئر اظہر عباس عادل ٬ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر٬ روٹری کلب جھنگ سینٹرل سے میاں نجیب افضل اورفرینڈز آف بلائنڈ سنٹر سے چوہدری وحید اختر٬ڈی او لیبر امان اللہ خان ڈب٬چیئر مین بیت المال کمیٹی ریاض حسین عشرت٬چیئر مین زکوة کمیٹی عابدہ بشیر٬نابینا مردوخواتین اور مختلف سماجی تنظیموں کے اراکین٬ عوامی نمائندگان اورمختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے دیگرافراد نے کثیر تعداد میں شرکت کی ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر مہمان خصوصی اسسٹنٹ کمشنر شاہد عباس جوئیہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے نابینا افراد کی فلاح و بہبود کیلئے انقلابی اقدامات کئے ہیں جس کے تحت ان کیلئے سرکاری ملازمت میں کوٹہ دو سے بڑھا کر تین فیصد کر دیا گیا ہے جبکہ انہیں خدمت کارڈ کا اجراء بھی کیا جا رہا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ نابینا افراد کو سرکاری ہسپتالوں میں علاج معالجہ کی خصوصی سہولیات فراہم کرنے کے علاوہ انہیں پبلک ٹرانسپورٹ میں کرایوں میں پچاس فیصد رعائت کو بھی یقینی بنایا جا رہا ہے۔

اسسٹنٹ کمشنرنے کہا کہ سفید چھڑی نہ صرف نابینا افراد کیلئے راستوں کو متعین کرتی ہے بلکہ بصارت کے حامل افراد کو ان کے حقوق سے آگاہ کرتی ہے ۔۔چیئر مین ڈی سی سی شیخ نواز اکرم نے کہا کہ پنجاب حکومت نابینا افراد کی تعلیم و تربیت اور بحالی کیلئے بھرپور اقدامات کر رہی ہے خصوصی افراد کیلئے وزیر اعلیٰ خدمت کارڈ پروگرام کا اجراء بھی اسی سلسلہ کی ایک کڑی ہے۔

ڈی او سوشل ویلفیئر اظہر عباس عادل نے بتایا کہ ضلع بھر میں ابتک7 ہزار سے زائد خصوصی افراد کی رجسٹریشن مکمل کر لی گئی ہے جن میں سے 21سو سے زائد افراد کو خدمت کارڈ جاری کئے جا چکے ہیں ۔انہوںنے بتایا کہ 34نابینا افراد کو آٹھ ہزار روپے کی گرانٹ جبکہ 184خصوصی افراد کو زکوٰة فنڈ سے پانچ لاکھ روپے سے زائد رقم دی جار ہی ہے۔بعد ازاں مہمان خصوصی نے 40نابینا مردوخواتین میں سفید چھڑیاں اور ملبوسات تقسیم کئے ۔

جھنگ میں شائع ہونے والی مزید خبریں