جہلم،ہماری ناراضگی پارٹی جماعت سے وراثتی سیاست کا قبضہ ختم کرنے کیلئے ہے،رہنما مسلم لیگ ورکرز گروپ

منگل 17 جولائی 2018 22:28

جہلم(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 جولائی2018ء) ہم نے مسلم لیگ ن کے لیے آمروں کے ظلم و ستم برداشت کیے جیلیں کاٹیں اور مشکلات میں رہے ،جبکہ مسلم لیگ ن کے قائدین کی طرف سے ٹکٹ دینے کا مسئلہ آیا تو انہوں نے سابقہ روایات کے مطابق کرپٹ مافیا اور قبضہ گروپو ں کو ٹکٹ دے کر مسلم لیگ ن کے راہنمائوں اور ورکروں کو ناراض کر دیا جس کی وجہ سے مسلم لیگ ورکرز گروپ عوام کے اصرار پر تشکیل دیا گیا جبکہ جماعت کے زیادہ تر عہدیدار اپنے عہدوں سے مستعفی ہو گئے،ان خیالات کااظہار حلقہ پی پی 26میں مسلم لیگ ن ورکرز گروپ کے نامزد امیدوار سابق رکن پنجاب اسمبلی چوہدری سعید اقبال ،مسلم لیگ ن کے سابق جنرل سیکرٹری راجہ ظفراقبال،راجہ ناصر ڈار،معطل وائس چیئرمین میونسپل کمیٹی چوہدری مقبول حسین،تبسم شاہین ڈارنے فضل آباد ،کالاگجراں ،جادہ،مدنی محلہ،نیا محلہ،فضائل پور،متیال میں انتخابی مہم کے سلسلہ میں عوامی اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ ہماری ناراضگی پارٹی جماعت سے وراثتی سیاست کا قبضہ ختم کرنے کیلئے ہے جبکہ عوام ہمارے ساتھ ہیں اور انہی کے اصرار پرہم انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں جسے عوام بہت پسند کررہے ہیں انہوں نے کہا کہ جو لوگ بدعنوانی اور ناانصافی کے بے تاج بادشاہ تھے اور وہ جرائم پیشہ افراد کی پشت پناہی کرتے تھے ہم نے ان کے خلاف جہاد کرنے کا جو فیصلہ کیا ہے عوام نے اسے تسلیم کیا ہے۔

انشاء اللہ ہم عوام کے ساتھ ملکر ایسے لوگوں کا خوداحتساب کریںگے اور آنے والے نتائج بتائیںگے کہ ہم حق پر تھے اور ہیں۔انہوں نے کہا کہ شہر میں اور ہمارے حلقہ کے دیہاتوں میں مسلم لیگ ن کے ناراض ورکر آج ہمارے ساتھ شانہ بشانہ کام کررہے ہیں اور تمام ووٹر اور سپورٹر شرافت کی شمع لیے کھڑے ہیں اور اسے وہ25جولائی کو روشن کریںگے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ انتخابات میں جماعتوں نے جن امیدواروں کو ٹکٹ دیے ان کا سابقہ ادوار میں کارکردگی کا موزانہ کرلیا جاتا تو وہ خود 62اور 63پر پورے نہیں اترتے اور وہ احتساب کے کٹہرے میں ہوتے۔

کیونکہ ان کے خلاف بہت سے کرپشن کے مقدمات درج بھی ہیں اور چل بھی رہے ہیں جو عوام کے ساتھ ساتھ تمام تاجروں کو بھی معلوم ہے۔جبکہ 25جولائی ہماری فتح کا دن ہوگا۔

جہلم میں شائع ہونے والی مزید خبریں