شہری سے گھر کی دہلیز پر ڈکیتی‘ ڈاکوؤں نے روٹیاں بھی نہ چھوڑیں

مسلح ملزمان نے شہری سے نقدی، موبائل فون اور موٹر سائیکل چھین لی

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 9 نومبر 2023 12:42

شہری سے گھر کی دہلیز پر ڈکیتی‘ ڈاکوؤں نے روٹیاں بھی نہ چھوڑیں
کراچی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 09 نومبر 2023ء ) صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں شہری سے گھر کی دہلیز پر ڈکیتی کی واردات کے دوران ڈاکوؤں نے روٹیاں بھی نہ چھوڑیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق شہر قائد کے ضلع وسطی میں ڈاکوؤں نے شہری کو گھر کی دہلیز پر لوٹ لیا، ڈکیتی کا یہ واقعہ شادمان ٹاؤن میں پیش آیا جہاں 2 موٹر سائیکلوں پر سوار 4 ملزمان نے واردات کی، اس دوران مسلح ملزمان نے شہری سے نقدی، موبائل فون اور موٹر سائیکل چھین لی اور جاتے ہوئے روٹیاں بھی چھین کر ساتھ لے گئے، ملزمان ماسک اور کیپس پہنے ہوئے تھے جس کی وجہ سے ان کی شناخت نہ ہوسکی۔

ادھر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ڈاکو اپنے ساتھی کو اسلحے کے زور پر پولیس کی حراست سے چھڑا کر لے گئے، بارہ کہو میں ڈاکو اپنے ساتھی کو لے کر با آسانی فرار ہوئے، ملزم ڈکیتی کی واردت میں پولیس کے پاس جسمانی ریمانڈ پر تھا جس کے فرار میں پولیس کی مبینہ ملی بھگت کے پہلو کی بھی تحقیقات کی جارہی ہیں اور واقعے کا مقدمہ پولیس کی مدعیت میں نامعلوم ملزمان کے خلاف درج کرلیا گیا۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ ملزم نعیم خان افغان شہری ہے اور متعدد وارداتوں میں ملوث ہے جو ڈکیتی کی واردت میں جسمانی ریمانڈ پر پولیس کی تحویل میں تھا کہ اس دوران ملزم نے پیٹ میں شدید درد کی شکایت کی جس پر پولیس اسے لے کر پولی کلینک ہسپتال کی جانب روانہ ہوئی کہ راستے میں مری روڈ پر پولیس موبائل کا ٹائر پنکچرہوگیا اور جب پولیس موبائل کا ٹائر تبدیل کرنے کے مقصد سے رکی تو ملزم کے مسلح ساتھی وہاں پہنچ گئے اور پولیس اہلکاروں کو یرغمال بناکر اپنے ساتھی ملزم کو لے کر فرار ہوگئے، مسلح ملزمان کی تعداد پانچ تھی اور نقاب پہنا ہوا تھا۔

دوسری طرف صوبہ سندھ کے شہر شکار پور کی تحصیل خان پور کے نواحی علاقہ کوٹ شاہو میں ڈاکوؤں نے پولیس چوکی پر حملہ کرکے ایس ایچ او سمیت 5 پولیس اہلکاروں کو اغوا کرلیا، ڈاکوؤں کی جانب سے اغواء کیے گئے پولیس اہلکاروں میں ایس ایچ اوکوٹ شاہو محبوب بروہی اور ہیڈ محررسمیت مجموعی طور پر 5 اہلکار شامل ہیں، جنہیں اغواء کرنے کے بعد ڈاکو انہیں اپنے ساتھ لے کر کچے کے علاقہ کی طرف فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں