اسٹیٹ بینک اور سینٹرل بینک آف رشین فیڈریشن میں بینکاری کے شعبے میں دوطرفہ تعاون بڑھانے پر اتفاق

پیر 15 جنوری 2018 23:02

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 جنوری2018ء) اسٹیٹ بینک کے گورنر نے 15 جنوری 2018 ء کو ماسکو ، روس میں سینٹرل بینک آف رشین فیڈریشن (سی بی آر ایف)کے ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا۔ پیر کو مرکزی بینک سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق یہ اسٹیٹ بینک کے کسی بھی گورنر کی جانب سے سی بی آر ایف کا پہلا دورہ ہے۔ اسٹیٹ بینک نے سی بی آر ایف کے ساتھ مرکزی بینکاری میں دو طرفہ تعاون بڑھانے کے حوالے سے مفاہمت کی ایک یادداشت پر دستخط کئے ہیں، یہ اقدام ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔

اس دستاویز پر سی بی آر ایف ہیڈکوارٹرز میں منعقد ہونے والی تقریب میں گورنر اسٹیٹ بینک طارق باجوہ اور گورنر سی بی آر ایف مس ایلویرانیبیو لینا (Ms. Elvira Nabiullina) نے دستخط کئے۔ اس موقع پر روس میں پاکستان کے سفیر عزت مآب قاضی محمد خلیل اللہ نے بھی شرکت کی۔

(جاری ہے)

اسٹیٹ بینک کے وفد میں ایگزیکٹو ڈائریکٹر بینکاری پالیسی و ضوابط گروپ سید عرفان علی اور ایگزیکٹو ڈائریکٹر مالی منڈیاں اور انتظامِ ذخائر محمد علی ملک بھی شامل تھے۔

اس مفاہمتی یادداشت کا مقصد مالی نظاموں کی ترقی، نظامِ ادائیگی، مالی انفراسٹرکچر اور مالی اداروں کی نگرانی کے شعبوں میں دونوں مرکزی بینکوں کے حکام کے درمیان تعاون کو فروغ دینا ہے۔ اسٹیٹ بینک بین الاقوامی تعاون کے محاذ پر کافی سرگرم کردار ادا کر تا رہا ہے، خاص طور پر گذشتہ دو برسوں سے۔ یہ اب تک اسٹیٹ بینک کی جانب سے 20 واں ایم او یو ہے، جس پر دستخط کئے گئے ہیں۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں