پاکستان اسٹیل پاسلو کے وفد کی حافظ نعیم الرحمن سے ملاقات ،ْ مزدورمسائل سے آگاہ کیا

منظور شدہ تنخواہیں فی الفور ادا کی جائیں اور عید سے قبل اپریل اور مئی کی تنخواہیں بھی منظور کی جائیں ، حافظ نعیم الرحمن

اتوار 20 مئی 2018 19:30

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 مئی2018ء) امیر جماعت اسلامی کراچی حا فظ نعیم الرحمن سے ادارہ نورحق میں پاکستان اسٹیل پاسلو یونین کے وفد نے پاسلو کے صدر عاصم بھٹی اورجنرل سکریٹری علی حیدر گبول کی قیادت میں ملاقات کی اور محنت کشوں کے مسائل و مشکلات اور ریٹائرڈ ملازمین کی پریشانیوں اور دشواریوں سے آگاہ کیا۔ وفد میں حافظ وقاص،شیخ ذوالفقار ، عامر چھینا، داؤدخان ، رانا انور اور دیگر شامل تھے۔

ملاقات میں جماعت اسلامی کے نائب امیر برجیس احمد ،سیکریٹری کراچی عبدالوہاب اور سکریٹری اطلاعات زاہد عسکری بھی موجود تھے۔وفد نے حافظ نعیم الرحمن کو بتایا کہ حکومت کی جانب سے ملازمین کی 3ماہ کی تنخواہ جنوری تا مارچ کی ادائیگی منظور کرلی گئی ہے لیکن ابھی تک ملازمین کے اکاؤنٹ میں منتقل نہیں کی گئی ہیں ، مئی کے مہینے میں حکومت ختم ہورہی ہے ہم حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ جنوری تا مارچ کی تنخواہیں فی الفو ر ملازمین کے اکاؤنٹ میں منتقل کی جائیں ۔

(جاری ہے)

نیز حکومت عید سے قبل اپریل اور مئی کی تنخواہیں بھی جاری کرے اور ریٹائرڈ ملازمین کے واجبات فی الفور ادا کیے جائیں۔ حافظ نعیم الرحمن نے وفد کو یقین دلایا کہ وہ ملازمین کے حقوق اور مسائل کے حل کی جدوجہد میں ان کے ساتھ ہیں اور مسئلہ کو حل کرانے کے لئے ہر قسم کی آئینی ، جمہوری اور قانونی جدوجہد کریں گے ،حافظ نعیم نے کہاکہ جماعت اسلامی نے ہمیشہ سے پاکستان اسٹیل کے ملازمین کے مسائل کے حل کے لیے ان کی جدوجہد کی حمائت و تعاون کیا ہے ۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان اسٹیل ملک کی واحد اسٹیل انڈسٹری تھی جس کا ملکی معیشت میں ایک اہم مقام تھا مگر افسوس ہے کہ پیپلز پارٹی دور حکومت میں یہ ادارہ تباہ و برباد ہوا لیکن مسلم لیگ کی حکومت نے بھی اس ادارے کو چلانے میں کوئی دلچسپی نہیں دکھائی جس کی وجہ سے ان کی دور حکومت کے پانچ سال ویسے ہی گزرگئے اور ادارے کو چلانے کے لیے کوئی سنجیدہ کوششیں حکومت کی جانب سے نہیں کی گئی ۔ انہو ں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ملازمین کی منظور شدہ تنخواہوں کی ادائیگی کو یقینی بنایا جائے اور عید سے قبل اپریل اور مئی کی تنخواہیں بھی منظور کی جائیں ۔مظلوموں پر ظلم بند کیا جائے جماعت اسلامی مظلوم مزدوروں پر ظلم کے خلاف ہمیشہ آواز بلند کرتی رہے گی ۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں