گورنرسندھ کا کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹریز کا دورہ

تاجر اور صنعت کاروں نے پرتپاک استقبال کیا۔ اس موقع پر صدر دانش خان اور دیگر معروف کاروباری شخصیات بھی موجود تھیں

منگل 20 نومبر 2018 17:51

گورنرسندھ کا کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹریز کا دورہ
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 نومبر2018ء) گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کاٹی(کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹریز) کادورہ کیا۔گورنر سندھ کی کاٹی آمد پر تاجر اور صنعت کار برادری کی جانب سے گورنر سندھ کا پر تپاک استقبال کیا گیا۔ اس موقع پر کاٹی کے صدر دانش خان اور دیگر معروف کاروباری شخصیات بھی موجود تھیں۔ گورنر سندھ نے کاروباری برادری سے اپنے خطاب کے دوران کہا کہ وفاقی حکومت سندھ بالخصوص کراچی کو ایک بار پھر سے کاروباری و معاشی سرگرمیوں کا مرکز بنانے کے مشن پر عمل پیرا ہے اور جلد ہی اس حوالے سے مثبت تبدیلی یقینی طور پر محسوس کی جائے گی۔

عمران اسماعیل نے مزید کہا کہ ماضی میں کاروباری طبقہ مختلف حوالوں سے پریشانیوں کا شکار بنتا آیا ہے مگر موجودہ حکومت میرٹ اور انصاف کے تقاضوں کے مطابق ملک کو ترقی و خوشحالی کے راستے پر گامزن کرنے کے لئے پرعزم ہے، انڈسٹریل لائژن کمیٹی کا قیام اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر گورنر سندھ نے تاجر برادری کے مسائل و تجاویز کا تفصیلی جائزہ لیتے ہوئے ہر ممکنہ تعاون اور مدد کا یقین دلایا۔انہوں نے کہا کہ ہم آج جو کچھ ہیں پاکستان کی وجہ سے ہیں لہذا یہ ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ ہم ملک و قوم کی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں۔ تقریب کے اختتام پر کاٹی کی جانب سے گورنر سندھ کو نشان سپاس بھی پیش کیا گیا۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں