ایس ایم پبلک اسکول کیمپس نمبر5 کی طالبات کا گورنر ہاؤس کا دورہ

گورنر سندھ کو 1 لاکھ 72ہزار روپے کا چیک ڈیم فنڈ کے لئے پیش کیا

اتوار 9 دسمبر 2018 20:30

کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 دسمبر2018ء) ایس ایم پبلک اسکول کیمپس نمبر 5 نے گورنر ہاؤس کا گائیڈڈ ٹور کیا۔ اس موقع پر گورنر سندھ عمران اسماعیل بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔ اتوار کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق اسکول کے طالبات نے اپنی جانب سے چیف جسٹس۔ وزیر اعظم ڈیم فنڈ میں ایک لاکھ 72 ہزار روپے کا چیک گورنر سندھ کو پیش کیا۔

(جاری ہے)

گورنر سندھ نے کہا کہ پاکستان کو درپیش چیلنجز میں سے ایک بڑا مسئلہ پانی بھی ہے، جس کا دیرپا حل نکالنا اشد ضروری ہے اور آبی قلت سے پہلے پہلے ملک میں ڈیمز کی تعمیر نہایت ضروری ہے اس ضمن میں اسکول کی بچیوں کا اس فنڈ میں اپنا حصہ ڈالنا قابل ستائش ہے اور ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم سب اس کاز میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔ اس موقع پر ایس ایم پبلک اسکول کی اساتذہ نے گورنر کو اسکول کی جانب سے شلیڈ دی جبکہ بچیوں نے پھولوں کا گلدستہ بھی پیش کیا۔

اس سے قبل طالبات کو گورنر ہاؤس میں موجود قائد اعظم کے زیر استعمال دفتر اور دیگر نایاب اشیاء کے علاوہ تاریخی حیثیت کی حامل عمارت کا جائزہ اور اس سے متعلق معلومات بھی فراہم کی گئیں۔ طالبات نے گورنر ہاؤس کو عام عوام کے لئے کھولے جانے کے فیصلے پر گورنر سندھ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس قدم کا زبردست خیر مقدم بھی کیا۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں