گیس کی بدترین لوڈشیڈنگ ، نند کمار گوکلانی نے سندھ اسمبلی میں قرارداد جمع کرادی

بدھ 12 دسمبر 2018 16:46

گیس کی بدترین لوڈشیڈنگ ، نند کمار گوکلانی نے سندھ اسمبلی میں قرارداد جمع کرادی
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 دسمبر2018ء) سندھ میں کیپٹیو پاور پلانٹس ، صنعتوں کو، سی این جی اسٹیشنز کو سی این جی کی بندش اور گھروں میں گیس کی بدترین لوڈشیڈنگ کے خلاف فنکشنل لیگ کے پارلیمانی لیڈر نند کمار گوکلانی نے سندھ اسمبلی میں قرارداد جمع کرادی۔ جبکہ صوبے میں اغوا کی بڑھتی ہوئی وارداتوں پر تحریک التوا بھی سندھ اسمبلی سیکریٹیریٹ میں جمع کرادی بدھ کو جمع کرائی گئی قرارداد میں کہا گیا ہے کہ پاورپلانٹس، گھروں ، صنعتوں اور سی این جی اسٹیشنز کو گیس فوری بحال کی جائے۔

سندھ حکومت وفاق سے رابطہ کرکے گیس کے معاملے پر فوری ایکشن لے۔ نند کمار گوکلانی نے حکمرانوں سے سوال کیا کہ ملکی ضروریات کا71 فیصد گیس پیدا کرنے والا صوبہ گیس سے کیسے محروم کردیا گیا یہ صوبے کے عوام کے ساتھ سراسر زیادتی اور ظلم کے مترادف ہے صوبائی حکومت ہاتھ پر ہاتھ رکھ کر بیٹھنے کے بجائے گیس بندش کے معاملے میں عملی اقدامات کرے۔

(جاری ہے)

اور فی الفور وفاق سے رابطہ کرے دوسری صورت میں عوام مزید بے چینی کا شکار ہوسکتے ہیں انہوں نے کہا کہ گیس کی بندش سے صوبے میں بحرانی کیفیت پیدا ہوگئی ہے۔

صنعتکار ،سی این جی اسٹیشن مالکان پریشانی کا شکار ہیں صورتحال پر فوری قابو نہ پایا گیا تو بے روزگاری بڑھنے کا خدشہ ہے نند کمار گوکلانی نے کہا کہ فنکشنل لیگ گیس متاثرین اور صوبے کے عوام کو تنہا نہیں چھوڑے گی۔ پاور پلانٹس، گھروں، سی این جی اسٹیشنز اور صنعتوں کو گیس کی بحالی تک ہم چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ علاوہ ازیں سندھ میں امن وامان کی بگڑتی اور اغوا کی بڑھتی ہوئی وارداتوں اور سکھر میں اقلیتی رہنما رمیش کمار کے اغوا کے خلاف نند کمار گوکلانی نے تحریک التوا سندھ اسمبلی میں جمع کرادی تحریک التوا میں کہا گیا ہے کہ رمیش کمار کو دن دیہاڑے سکھر شہر سے اغوا کیا گیا جسکی پرزور الفاظ میں مزمتی کرتے ہیں اغوا کی وارداتوں سے ہندو کمیونٹی بے یقینی کی صورتحال سے دوچارہے۔

نند کمار گوکلانی نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی سندھ حکومت اقلیتوں خصوصا ہندو کمیونٹی کو تحفظ فراہم کرنے میں ناکام ہوچکی ہے۔ سندھ حکومت قیام امن اور کرائم فری شہر کے دعوے کرتے نہیں تھکتی۔ نند کمار گوکلانی نے مطالبہ کیا کہ حکومت فی الفور رمیش کمار کو بازیاب کرائے۔ حکومت ہندو کمیونٹی کے تحفظ کے لئے اقدامات اٹھائے اور قیام امن کے لئے دعووں سے نکل کر عملی کام کرے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں