نوجوان نسل میں نشے کے بڑھتے ہوئے رجحان کو روکنا بے حد ضروری ہے،مرتضیٰ بلوچ

منشیات سے پاک بنانے کے لئے حکومت کے ساتھ سول سوسائٹی کے ارکان کو بھی اپنا کردار ادا کرنا پڑے گا،وزیر برائے محنت سندھ

ہفتہ 20 اپریل 2019 16:25

نوجوان نسل میں نشے کے بڑھتے ہوئے رجحان کو روکنا بے حد ضروری ہے،مرتضیٰ بلوچ
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اپریل2019ء) صوبائی وزیر برائے محنت اور افرادی قوت غلام مرتضیٰ بلوچ نے کہا ہے کہ نوجوان نسل میں نشے کا بڑھتا ہوا رجحان باعث تشویش ہے اور نئی نسل کو تباہ ہونے سے بچانے اور ان کو صحت مندانہ سرگرمیوں کی طرف لانے کے لئے ہم سب کو کوشش کرنی ہوگی کیونکہ یہ نسل ملک و قوم کی معمار ہے۔ یہ بات آج انہوں نے نئی زندگی ٹرسٹ کی جانب سے بھٹائی آباد میں منشیات کے روک تھام اور اس کے خاتمے کے لئے عوامی آگاھی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہی۔

تقریب میں اینٹی نارکوٹیکس فورس کے جوائنٹ ڈائریکٹر عابد علی ، یو سی چیئرمین ای ڈی سومرو ، وائس چیئرمین امانت ضیاء ، پی ایس 130 GS میمبر ضلع کونسل منظور حسین ، رحمت اللہ مغیری سمیت ٹرسٹ کے ذمیداران اور دیگر معززین نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پرصوبائی وزیر محنت اور افرادی قوت غلام مرتضیٰ بلوچ کو نئی زندگی ٹرسٹ کے ایڈمنسٹریٹر ڈاکٹر ایاز سومرو کی جانب سے منشیات کی عادی افراد کے علاج کے لئے بھٹائی آباد میں قائم سینٹر کے متعلق بریفنگ دی گئی صوبائی وزیر برائے محنت اور افرادی قوت غلام مرتضیٰ بلوچ نے مزید کہا کہ ایک سروے کے مطابق ملک میں 80 لاکھ افراد منشیات کا استعمال کرتے ہیں اور ان میں اکثریت نوجوان کی ہے جو باعث تشویش ہے۔

انہوں نے کہا معاشرے کو منشیات سے پاک بنانے کے لئے حکومت کے ساتھ سول سوسائٹی کے ارکان کو بھی اپنا کردار ادا کرنا پڑے گا کیونکہ کہ والدین، اساتذہ، غیر سرکاری تنظیموں اور دیگر متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کی شمولیت کے بغیر یہ مقصد حاصل نہیں کرسکتے۔ غلام مرتضیٰ بلوچ کے مطابق نوجوان نسل کو منشیات سے دور رکھنا ہوگا اسی میں قوم کی ترقی ممکن ہے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں