شہر قائد کی عوام کے پر زور اصرار پر اسٹیج ڈرامہ کرنے آ رہا ہوں ،عید کے روز سے چلنے والا ڈرامہ عید کے چٹخارے تہلکہ مچا دے گا، شفقت چیمہ

اتوار 26 مئی 2019 17:10

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 مئی2019ء) کراچی اسٹیج ڈرامے کی دنیا کے سینئر ترین ہدایت کاراور رائٹر ڈائریکٹر زاہد شاہ عید الفطر کے پہلے دن کراچی آرٹ کونسل کے اوپن تھیٹر میں نیا فیملی اور مزاح سے بھرپور اسٹیج ڈرامہ عید کے چٹخارے پیش کریں گے، اسٹیج کی دنیا کا یہ پہلا ڈرامہ ہے جس میں پاکستان کے مایہ ناز ولن و عالمی شہرت یافتہ شفقت چیمہ اپنے فن کا مظاہر ہ کریں گے، معاشرتی مسائل کو اجاگر کرتا ہوا ڈرامہ مزاح سے بھرپور ہوگا جس کی کاسٹ میں پرویز صدیقی، شکیل شاہ، سلیم شیخ ، احمد چیمہ، شمیر راہی، یوسف پٹھان، عامر حوکلہ، چاہت بلوچ، مسکان شیخ ، سیم خان، صبا شیخ، فائزہ ملک و دیگر نامور فنکار شامل ہیں ، اس موقع پر زاہد شاہ نے کہا کہ ہمیشہ کراچی کی عوام کے چہرو ں پر خوشیاں بکھیرنے کی کوشش کی ہے، اسٹیج ڈراموں میں ہمیشہ اس معیار کو برقرار رکھا جس میں کراچی کے شہری اپنی فیملی کے ساتھ آ کر دیکھ سکیں، اسٹیج ڈرامہ عید کے چٹخارے کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے شفقت چیمہ کا کہنا تھا کہ کراچی آرٹس کونسل میں عید کے اسٹیج ڈرامے میں اپنے فن کا مظاہر ہ کروں گا، کراچی کی عوام مجھے اسٹیج پر کا م کرتے ہوئے دیکھنا چاہتی ہے، زاہد شاہ کی ڈائریکشن میں بننے والا یہ اسٹیج ڈرامہ اپنی نوعیت کا نہایت منفرد اور شاہکار ہوگا جس کو شہر قائد کے لوگ صدیوں یاد رکھیں گے، انہوں نے کہا کہ یہ ڈرامہ گزشتہ اسٹیج ڈراموں کے سارے ریکارڈ توڑ دیگا، جب بھی کراچی آتا ہوں یہاں کی عوام نے ہمیشہ غیر معمولی پذیرائی اور عزت سے نوازا ہے، ڈرامہ عید کے چٹخارے میں میر ی اداکاری کو لوگ ہمیشہ یاد رکھیں گے، کراچی کی عوام نے ہمیشہ فن و فنکاروں کی عزت کی اور ان کی حوصلہ افزائی کی، کراچی کا شمار پاکستان کے ان شہروں میں ہوتا ہے جہاں کے لوگ شوبز کی دنیا سے تعلق رکھنے والے افراد کو نہ صرف بھرپور عزت اور پذیرائی دیتے ہیں بلکہ کراچی میں ہونے والے تمام ڈراموں اور میگا ایونٹس میں بھرپور شرکت کر کے اس کو کامیاب بھی بناتے ہیں ، ہمارے لوگوں کی محبت ہی ہمارا انعام ہے ان لوگوں کی وجہ سے ہی اسٹیج ڈراموں کے فنکاروں کا حوصلہ بلند ہوتا ہے اور عوامی پذیرائی سے ہی فنکار کے فن میں نکھار آتاہے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں