ملک کے معاشی مسائل پر کافی حد تک قابو پاکر معاشی استحکام حاصل کرلیا گیا، بیرونی تجارتی خسارے کی صورتحال میں بھی بہتری آ رہی ہے، گورنر اسٹیٹ بینک

منگل 18 جون 2019 03:15

کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جون2019ء) گورنر اسٹیٹ بینک ڈاکٹر رضا باقر نے کہا ہے کہ ملک کے معاشی مسائل پر کافی حد تک قابو پاکر معاشی استحکام حاصل کرلیا ہے جس کے نتیجے میں سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوا ہے اور اس حوالے سے مثبت اشارے بھی مل رہے ہیں۔ یہ بات انہوں نے پیر کو مرکزی بینک کے ہیڈ آفس میں صحافیوں سے بات چیت اور ان کے سوالوں کے جواب دیتے ہوئے کہی۔

انہوں نے کہا کہ معاشی عدم استحکام اور غیر یقینی صورتحال ملک کے لئے ایک بڑا مسئلہ تھا جس پر موجودہ حکومت کی معاشی ٹیم نے قابو پالیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے معاشی ترقی اور عام آدمی کی زندگی میں بہتری کے لئے معاشی ٹیم کو خصوصی ہدایت دی تھی جس پر کامیابی سے کام جاری ہے۔ گورنر اسٹیٹ بینک نے کہا کہ بیرونی خسارہ اور مالیاتی خسارہ معاشی عدم استحکام کی بنیادی وجوہات تھیں جن پر موثر انداز میں قابو پایا گیا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بیرونی تجارتی خسارے کی صورتحال میں بھی بہتری آ رہی ہے۔ ڈاکٹر رضا باقر نے کہا کہ حکومت نے اسٹیٹ بینک سے قرض لینے کے بجائے منی مارکیٹ (Money MarkiT) سے قرض لینے کا اچھا فیصلہ کیا ہے اس سے اسٹیٹ بینک آف پاکستان کونئے نوٹ چھاپنے کی ضرورت نہیں پڑے گی جس سے مہنگائی پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔ ایک سوال کے جواب میں گورنر اسٹیٹ بینک نے کہا کہ مانیٹری پالیسی میں شرح سود ودیگر عوامل کو مدنظر رکھتے ہوئے فکس کیا گیا ہے۔

اس حوالے سے انہوں نے کہا کہ مہنگائی پر قابو پانے کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جا رہے ہیں اور اس سلسلے میں شرح سود میں استحکام بنیادی اہمیت کا حامل ہے۔انہوں نے کہا کہ معاشی صورتحال میں بہتری کے لئے اسٹیٹ بینک کو تین بنیادی نکات پر کام کرنا ضروری ہے جن میں مالیاتی استحکام، ایکسچینج ریٹ کی بہتری اور معاشی ترقی میں استحکام شامل ہیں۔

آئی ایم ایف سے معاہدے کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ اس سے بیرونی دنیا میں معاشی استحکام کا تاثر ابھرے گا۔ انہوں نے کہا کہ 3 جولائی کو آئی ایم ایف بورڈ آف ڈائریکٹرز کا اجلاس ہوگا اور اس سلسلے میں تمام تفصیلات شائع کی جائیں گی جس سے آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے کے حوالے سے تمام چیزیں واضح ہو جائیں گی۔ ایک سوال کے جواب میں گورنر اسٹیٹ بینک نے کہا کہ ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں کمی گزشتہ حکومت کے فیصلوں کی وجہ سے ہوئی ہے اور اب ہم صحیح سمت میں آگے بڑھ رہے ہیں۔

ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے ڈاکٹر رضا باقر نے کہا کہ اسٹیٹ بینک مہنگائی پر قابو پانے کے لئے اپنا کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ دوست ممالک پاکستان کی مزید مالی امداد کریں گے۔انہوں نے کہا کہ اسٹیٹ بینک اپنی پالیسیوں کی تشہیر اور معاشی صورتحال کے حوالے سے آگاہی کے لئے میڈیا سے رابطے مزید موثر بنائے گا۔ اس موقع پر مرکزی بینک کے چیف اکنامسٹ ڈاکٹر سعید احمد اور ترجمان عابد قمر بھی موجود تھے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں