صوبہ میں 15 ہزار سے زائد کورونا کے مریضوں میں 111 آئیسولیشن مراکز میں ہیں‘ وزیراعلی سندھ

بدھ 3 جون 2020 00:10

کراچی۔ 2 جون (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 جون2020ء) وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ گذشتہ 24 گھنٹوں میں 1439 نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔ منگل کو مزید 23 مریض کورونا کے باعث انتقال کرگئے جبکہ 358 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے، 64 مریض وینٹی لیٹرز پر ہیں۔ گذشتہ روز 953 مریض صحت یاب ہوئے ہیں ۔ کورونا وائرس کی صورتحال کے حوالے سے منگل کو جاری پیغام میں انہوں نے کہا کہ گذشتہ 24 گھنٹوں میں 5 ہزار 454 ٹیسٹ کئے ہیں جس میں 1439 کیسز آئے ہیں ، اب تک 1 لاکھ 92 ہزار 546 ٹیسٹ کئے ہیں جس میں 30 ہزار 86 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 526 ہوگئی ہے ۔ وزیراعلی سندھ نے کہا کہ صوبہ میں وائرس سے متاثرہ 15 ہزار 22 مریض موجود ہیں ، جس میں 13 ہزار 813 گھروں، 111 آئسولیشن مراکز جبکہ 1098 مریض مختلف اسپتالوں میں زیرعلاج ہیں۔

(جاری ہے)

وائرس سے صحت یاب افراد کی تعداد 15 ہزار 538 ہوگئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ صوبہ میں نئے سامنے آنے واکے 1439 کیسز میں سے 1035 کا تعلق کراچی سے ہے ۔

انہوں نے کہا کہ کورنگی سے 263، شرقی 242 ، وسطی 166، جنوبی 167، ملیر 139 اور غربی سے 58 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں ۔ مراد علی شاہ نے کہا کہ لاڑکانہ میں 50، حیدرآباد میں 47 ، سکھر میں 40 ، خیرپور میں 33، گھوٹکی میں 27اور شہید بینظیرآباد میں 17 ، بدین میں 15، سانگھڑ میں 13 اورجامشورو میں 9 ،قمبر میں 6،سجاول اور شکارپور میں 5،5 ،جیکب آباد اور دادو 3،3، کشمور میں 2 ،مٹیاری، ٹنڈومحمد خان اور عمر کوٹ میں ایک ایک کورونا کیس رپورٹ ہوا ہے ۔ وزیراعلی سندھ نے کہا کہ لاک ڈائون میں دی گئی سہولیات کا غیرضروری فائدہ نہ اٹھائیں، عوام کی صحت حکومت کی ترجیح ہے، ایس او پیز پر عمل نہ کرنے سے کیسز بڑھتے جارہے ہیں ، وزیراعلی سندھ نے عوام کو اپیل کی کہ ایس او پی پر عمل کو یقینی بنائیں۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں