گمبٹ میں ملکی تاریخ میں پہلی بار جگر اور گردے کی مشترکہ پیوند کاری

اردو پوائنٹ سے وابستہ ڈاکٹر عفان قیصر نے بھی اس کامیاب آپریشن میں حصہ لیا، جس کی تفصیلات آپ ویڈیو میں دیکھ سکیں گے

Sajid Ali ساجد علی اتوار 11 اکتوبر 2020 16:57

گمبٹ میں ملکی تاریخ میں پہلی بار جگر اور گردے کی مشترکہ پیوند کاری
گمبٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 11 اکتوبر2020ء) صوبہ سندھ کے شہر گمبٹ میں پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار جگر اورگردے کی مشترکہ پیوند کاری کردی گئی۔ اردو پوائنٹ کی رپورٹ کے مطابق پاکستان میں اپنی نوعیت کا پہلاآپریشن صوبہ سندھ کے شہر گمبٹ میں گمبٹ انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسزمیں ہوا، جہاں ایک شہری نعمان طارق کا گردہ اور جگر تبدیل کیا گیا ہے، اس مقصد کے لیے مریض کے دو بھائیوں میں سے ایک نے گردہ جب کہ دوسرے نے جگر عطیہ کیا، جس کی وجہ سے نعمان طارق کی جان بچانے میں مدد ملی ۔

اردو پوائنٹ کے میزبان ڈاکٹر عفان قیصر نے بتایا کہ نعمان طارق کا ناصرف گردہ مکمل طور پر ناکارہ ہوچکا تھا ، وہ بلڈ پریشر کا بھی مریض تھاجس کی وجہ سے پچھلے دو سالوں سے اس کو ڈائیلیسز کروانا پڑتے تھے، جب کہ اس کے جگر کو بھی یرقان کی وجہ سے بہت نقصان پہنچا تھا، ان مسائل کی وجہ سے اس نے بہت تکالیف برداشت کیں ۔

(جاری ہے)

ڈاکٹرعفان کے ساتھ گفتگو میں نعمان طارق نے بتایا کہ آپریشن کے بعد میری طبیعت بلکل ٹھیک ہوچکی ہے، ڈاکٹروں نے اس کو نئی زندگی عطا کی ہے، یوں لگتا ہے میں دنیا میں ایک بار پھر پیدا ہوا ہوں، جس کی مجھے بے پناہ خوشی ہے۔

 

اس موقع پر نعمان کو جگر عطیہ کرنے والے اس کے بھائی اسامہ نے بتایا کہ ایسا ہونا انہیں ناممکنات میں سے لگتا تھا، اس مقصد کے لیے وہ لوگ اسلام آباد، لاہور اور کراچی تک بھی گئے لیکن کبھی گمبٹ آنے کا خیال نہیں آیا،جس کا ہمیں کسی کی طرف سے مشورہ دیاگیا تو ہم یہاں آگئے۔

ڈاکٹر عفان قیصر کی طرف سے اس کامیاب آپریشن کرنے والی ٹیم کو خراج تحسین بھی پیش کیا گیا، جن میں پروگرام ڈائریکٹر اینڈ ہیڈ آف ڈیپارٹمنٹ لیور ٹرانسپلانٹ ڈاکٹر عبدالوہاب ڈوگر، کے ساتھ سینئر کنسلٹنٹ ڈاکٹر شمس زہری، ڈاکٹر سید حسنین عباس گیلانی، ڈاکٹر سکندر آفریدی، ڈاکٹر سیراج کھوسو، ڈاکٹر سید مجاہد حسن شامل ہیں۔ اردو پوائنٹ کے میزبان ڈاکٹر عفان قیصر نے مزید بتایا کہ اس آپریشن میں ان کے ڈیپارٹمنٹ ٹرانسپلانٹ ہیپا ٹولوجی کی ٹیم بھی شامل تھی جس میں ڈاکٹر عفان قیصر بذات خود بھی شامل ہیں، جب کہ دیگر میں ان کے سینئر ڈاکٹر آصف بیگ، ڈاکٹر عصمت امان بھی اس ٹیم کا حصہ ہیں۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں