ای ایف پی ،استنبول چیمبرکے درمیان دوطرفہ تجارتی تعلقات کو فروغ دینے پر اتفاق

بلوچستان میں دنیا کا سب سے بڑا معدنی پروسیسنگ پلانٹ لگارہے ہیں، ترکی بھی حصہ لے سکتا ہے، اسماعیل ستار پاکستان کے کان کنی شعبے میں سرمایہ کاری مواقع تلاش کرنے کے لیے تاجروں کا زوم اجلاس بلائیں گے، اسرافیل کورالے

پیر 30 نومبر 2020 16:25

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 نومبر2020ء) ایمپلائرز فیڈریشن آف پاکستان ( ای ایف پی ) کے صدر اسماعیل ستار نے کہا ہے کہ ترکی اور پاکستان کے ایک دوسرے کے ساتھ شاندار اور خوشگوار تعلقات ہیں اور موجودہ معاشی صورتحال میں دونوں ملکوں کو باہمی تجارت و سرمایہ کاری کے منصوبوں کو آگے بڑھانا ہوگا۔ یہ بات انہوں نے ترکی کے دورے کے دوران استنبول چیمبرآف کامرس (آئی سی سی) کے نائب صدر اسرافیل کورالے سے ملاقات میں دوطرفہ تجارتی تعلقات کو فروغ دینے کے حوالے سے تبادلہ خیال کرتے ہوئے کہی۔

اس موقع پر ای ایف پی اقتصادی کونسل کے ڈائریکٹر محمود ارشد بھی موجود تھے۔ اسماعیل ستار نے ترکی کے ساتھ پاکستان کے 300 ملین ڈالر کے تجارتی خسارے کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ ای ایف پی بلوچستان میںکئی قابل ذکر اداروں کی شراکت میں دنیا کا سب سے بڑا معدنی پروسیسنگ پلانٹ لگانے پر کام کر رہا ہے جو برآمدات کے لیے ویلیو ایڈڈ معدنی مصنوعات تیار کرے گا اس ضمن میں ترکی کچھ تکنیکی مہارت دے کر اور اس شعبے میں بلیو چپ کاروبار کو آگے بڑھا کر حصہ لے سکتا ہے۔

(جاری ہے)

استنبول چیمبر آف کامرس کے نائب صدر اسرافیل کورالے نے اس اقدام کی تعریف کی اور پاکستان کے کان کنی شعبے میں سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنے کے لیے دونوں اطراف کے تاجروں کے مابین زوم اجلاس کی تجویز پیش کی۔صدر ای ایف پی نے ایم او یوز پر دستخط کرنے کی بجائے عمل درآمد کی یادداشتوں (ایم او اے ) پر دستخط کرنے کی ضرورت پر زور دیا کیونکہ ای ایف پی محض دستاویز بھرنے کی بجائے عمل درآمد پر یقین رکھتی ہے اور ماضی میں شاید ہی کسی ایم او یوپر اس کی حقیقی روح کے ساتھ عمل یقینی بنایا گیا ہو۔

ای ایف پی اقتصادی کونسل کے ڈائریکٹر محمود ارشد نے آئی سی سی کی قیادت سے بات چیت کے دوران حلال سروسز اور اسلامک فنانس کے شعبے میں مہارت کے تبادلے پر زور دیا جس میں پاکستان کو عالمی سطح کی مہارت حاصل ہے۔ انہوں نے دونوں ملکوں کی تاجر برادری کے مطالبے کو مد نظر رکھتے ہوئے پاک ترکی ایف ٹی اے کو حتمی شکل دینے میں آئی سی سی کو اپنا کردار ادا کرنے کی بھی ترغیب دی۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں