’پی آئی اے کی پروازوں پر پابندی برقرار رہے گی‘ یورپی یونین کا اعلان

سول ایوی ایشن اتھارٹی عالمی اداروں کو سیفٹی مینجمنٹ سسٹم کے قیام اور لائسنسنگ کے نظام پر مطمئن نہیں کرسکی ، یورپین یونین ایوی ایشن سیفٹی ایجنسی نے ایک خط میں فیصلے سے آگاہ کردیا

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 3 دسمبر 2020 18:37

’پی آئی اے کی پروازوں پر پابندی برقرار رہے گی‘ یورپی یونین کا اعلان
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 03 دسمبر2020ء) یورپین یونین ایوی ایشن سیفٹی ایجنسی نے قومی ایئرلائن کی پروازوں پر عائد پابندی کو غیر معینہ مدت تک برقرار رکھنے کا اعلان کردیا۔ میڈیا ذرائع کے مطابق پاکستان کی سول ایوی ایشن اتھارٹی عالمی اداروں کو سیفٹی مینجمنٹ سسٹم کے قیام اور لائسنسنگ کے نظام پر مطمئن نہیں کرسکی جس کی بناء پر پابندی برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ، اس سلسلے میں یورپین یونین ایوی ایشن سیفٹی ایجنسی (ایاسا) نے پی آئی اے کو ایک خط میں اپنے فیصلے سے آگاہ کردیا ہے۔

جس میں کہا گیا کہ پاکستان کی سول ایوی ایشن اتھارٹی کی طرف سے سے پائلٹوں کے لائسنسنگ کے نظام کی بہتری کے لیے اقدامات نہ کیے جانے کی وجہ سے پی آئی اے پر یورپ کے لیے پروازوں پر عائد پابندی کا خاتمہ نہیں کیا جاسکتا ، پابندی اٹھانے کے لیے ضروری ہے کہ پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی کاسیفٹی آڈٹ کیا جائے اور یہ اسی صورت میں ممکن ہے جب اس بات کی یقین دہانی ہوجائے کہ پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی اس آڈٹ میں کامیاب رہے گی۔

(جاری ہے)

دوسری طرف سول ایوی ایشن اتھارٹی کی طرف سے کی جانے والی بدانتظامی کی وجہ سے پاکستان پر عالمی پابندیاں مزید سخت ہونے کا خطرہ سر اٹھانے لگا۔ میڈیا ذرائع کے مطابق ایوی ایشن سے متعلق بین الاقوامی ادارے انٹرنیشنل سول ایوی ایشن آرگنائزیشن (اکاؤ) نے پاکستان کی سول ایوی ایشن اتھارٹی کو سیفٹی تحفظات دور کرنے کی آخری ڈیڈ لائن دے دی ، جس کے تحت اگر آئندہ 3 ماہ میں سیفٹی تحفظات دور نہ ہونے پر اکاؤ پاکستان سے متعلق تمام ممبر ممالک کو خصوصی ہدایات جاری کرے گا جس کے بعد بھی اگر تحفظات دور نہ کیے گیے تو عالمی سفری پابندیاں مزید سخت کردی جائیں گی۔

بتایا گیا ہے کہ اکاؤ کو پاکستان میں سول ایوی ایشن کے ضروری حفاظتی اقدامات پر خدشات ہیں ، پاکستانی سول ایوی ایشن حکام اکاؤ کے تحفظات دور کرنے میں ناکام ہوگئی ہے ، اس کے علاوہ پائلٹس کی ٹریننگ اور لائسنسنگ سے متعلق خدشات بھی تاحال دور نہیں کیے جاسکے ، جس پر اکاؤ نے سیفٹی تحفظات پر سول ایوی ایشن کو دوسرا نوٹس جاری کیا گیا ہے۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں