انٹر بینک میں ڈالر کے مقابلے پاکستانی روپیہ تگڑا ہو گیا

روپے کی قدر میں بہتری آنے لگی، انٹر بینک میں ایک روپے 12 پیسے کی کمی کے بعد ڈالر 205 روپے 75 پیسے کا ہو گیا

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان بدھ 29 جون 2022 11:57

انٹر بینک میں ڈالر کے مقابلے پاکستانی روپیہ تگڑا ہو گیا
کراچی(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 29 جون 2022ء) انٹر بینک میں ڈالر کے مقابلے پاکستانی روپیہ تگڑا ہو گیا ۔مسلسل گراوٹ کا شکار رہنے کے بعد روپے کی قدر میں بہتری آنے لگی ہے۔انٹر بینک میں امریکی ڈالر مزید سستا ہوگیا ہے۔انٹر بینک میں ایک روپے 12 پیسے کی کمی کے بعد ڈالر 205 روپے 75 پیسے کا ہو گیا ۔منگل کو انٹر بینک میں روپے کے مقابلے ڈالر 207روپے سے گھٹ کر206روپے کی سطح پر آگیا جبکہ اوپن مارکیٹ میں بھی ڈالر کی قدر گھٹ گئی ۔

اریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کی رپورٹ کے مطابق منگل کو انٹر بینک میں روپے کے مقابلے ڈالر1.25روپے سستا ہو گیا جس سے ڈالر کی قیمت خرید 207.30روپے سے کم ہو کر206روپے اور قیمت فروخت 207.50روپے سے کم ہو کر206.25روپے پر آ گئی اسی طرح مقامی اوپن کرنسی مارکیٹ میں 50پیسے کی کمی سے ڈالر کی قیمت خرید 205.50روپے سے کم ہو کر205روپے اور قیمت فروخت 206.50روپے سے کم ہو کر206روپے ہو گئی ۔

(جاری ہے)

فاریکس رپورٹ کے مطابق1.50روپے کی کمی سے یورو کی قیمت خرید 216.50روپے سے کم ہو کر215روپے جبکہ1روپے کی کمی سے قیمت فروخت219روپے سے کم ہو کر218روپے ہو گئی تاہم برطانوی پونڈ کی قیمت فروخت254روپے پر بدستور برقرار رہی ۔دوسری جانب رواں مالی سال کے پہلے 11 ماہ میں ملک کا کرنٹ اکائونٹ خسارہ 15 ارب ڈالر سے تجاوز کرگیا ۔اعدادو شمار کے مطابق گزشتہ ماہ مئی میں کرنٹ اکائونٹ خسارہ ایک ارب 42 کروڑ 50 لاکھ روپے ریکارڈ کیا گیا جو اس سے پچھلے ماہ اپریل کے مقابلے میں 131فیصد زائد ہے، اپریل میں کرنٹ اکاونٹ خسارہ 61کروڑ 80لاکھ ڈالر تھا جبکہ سالانہ بنیادوں پر موازنہ کیا جائے تو مئی 2021 کے مقابلے میں مئی2022 کے دوران کرنٹ اکائونٹ خسارہ 123 فیصد بڑھ گیا ہے۔

ادارہ شماریات کے مطابق رواں مالی سال کے پہلی11ماہ یعنی جولائی 2021 تا مئی 2022کے دوران جاری حسابات کا خسارہ 15 ارب 19 کروڑ 90 لاکھ ڈالر تک پہنچ گیا ہے جو اس سے پچھلے مالی سال کے 11ماہ کے مقابلے میں ایک ارب 18کروڑ30لاکھ ڈالر تھا۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں