پاک چین دوستی کو نقصان پہنچانے کیلئے دشمن کوشش کر رہا ہے،محسن نقوی

چینی شہریوں کی سکیورٹی بہت عزیز ہے، چینی شہریوں کی آمدورفت کیلئے ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کرایا جا رہا ہے،وفاقی وزیر داخلہ کی چینی قونصل جنرل سے ملاقات میں گفتگو

Faisal Alvi فیصل علوی جمعرات 2 مئی 2024 11:29

پاک چین دوستی کو نقصان پہنچانے کیلئے دشمن کوشش کر رہا ہے،محسن نقوی
کراچی(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔02 مئی 2024 ء) وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کا کہنا ہے کہ دشمن پاک چین دوستی کو نقصان پہنچانے کی کوشش کر رہا ہے، دشمن کی ایسی ہر سازش ناکام بنائیں گے، چینی شہریوں کی سکیورٹی بہت عزیز ہے، چینی شہریوں کی آمدورفت کیلئے ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کرایا جا رہا ہے۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے چینی قونصل جنرل سے کراچی میںچینی قونصلیٹ میں ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیرداخلہ نے پاکستان خصوصا کراچی میں چینی شہریوں کی حفاظت سے متعلق اقدامات سے آگاہ کیا۔ چینی قونصل جنرل یانگ یونڈونگ نے وزیرداخلہ محسن نقوی کا خیرمقدم کیا۔وفاقی سیکرٹری داخلہ خرم آغا اور چینی قونصلیٹ کے حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔

(جاری ہے)

وزیر داخلہ محسن نقوی اور چینی قونصل جنرل کے درمیا ن ملاقات میں چینی شہریوں کی سکیورٹی سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیرداخلہ نے پاکستان خصوصاً کراچی میں چینی شہریوں کی حفاظت کیلئے کئے گئے اقدامات سے آگاہ کیا۔تمام متعلقہ اداروں کو ایس او پیز کے مطابق چینی شہریوں کی حفاظت یقینی بنانے کیلئے ہدایات بھی جاری کر دی گئی ہیں۔محسن نقوی کا اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ چینی شہریوں کی فول پروف سیکیورٹی یقینی بنانا ہمارا فرض ہے۔ پاک چین دوستی کو نقصان پہنچانے کی کوئی سازش کامیاب نہیں ہوسکتی۔

چینی بھائیوں کی سیکیورٹی یقینی بنانے کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے گی۔پاکستان اور چین کے درمیان باہمی اعتماد کے رشتے ہر آنے والے روز مضبوط سے مضبوط تر ہو رہے ہیں۔چین اور پاکستان کی لازوال دوستی کو دشمن کی ہر بری نظر سے محفوظ رکھیں گے اور ہمالیہ سے بلند پاک چین دوستی کیخلاف کسی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔اس موقع پر چینی قونصل جنرل یانگ یونڈونگ نے سکیورٹی پلان پر اطمینان کا اظہار کیا۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں