پاکستان سٹاک مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ، انڈیکس 75 ہزار پوائنٹس کی تاریخی سطح بھی عبور کرگیا

کاروباری ہفتے کے تیسرے روز پی ایس ایکس میں 547 پوائنٹس کی تیزی ریکارڈ ہوئی،پاکستان انڈیکس میں 565 پوائنٹس کا اضافہ دیکھنے میں آیا

Faisal Alvi فیصل علوی بدھ 15 مئی 2024 11:21

کراچی(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔15 مئی 2024) پاکستان سٹاک مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ، انڈیکس 75 ہزار پوائنٹس کی نئی سطح بھی عبور کرگیا،رواں کاروباری ہفتے کے تیسرے روز پی ایس ایکس میں 547 پوائنٹس کی تیزی ریکارڈ ہوئی، جس سے ملکی تاریخ میں پہلی بار انڈیکس 75 ہزار پوائنٹس کی نفسیاتی سطح عبور کرگیا اور 100 انڈیکس بڑھ کر 75079 پوائنٹس کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔

پاکستان انڈیکس میں 565 پوائنٹس کا اضافہ دیکھنے میں آیا جس کے ساتھ 100 انڈیکس 75 ہزار 96 پوائنٹس کی سطح پر ٹریڈ کررہا ہے۔پاکستان سٹاک ایکسچینج میں کے ایم ا?ئی 30 انڈیکس میں کاروباری روز کے دوران ایک ہزار 687 پوائنٹس کا اضافہ ہوا اور کاروبار کے اختتام پر کے ایم ا?ئی 30 انڈیکس ایک لاکھ 23 ہزار 198 پوائنٹس پر بند ہوا تھا۔

(جاری ہے)

ایم ایس سی آئی ریویو میں 3پاکستانی کمپنیوں کی ممکنہ شمولیت، غیرملکیوں کی سرمایہ کاری میں دلچسپی اور خام تیل کی عالمی قیمتوں میں مسلسل کمی کے رحجان سے مقامی سطح پر بھی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی سے مہنگائی کم ہونے کی توقعات کے باعث پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں گزشتہ دنوں سے جاری تیزی کا تسلسل برقرار ہے، جس سے طویل مزاحمت کے بعد ملکی تاریخ میں پہلی بار انڈیکس 75 ہزار پوائنٹس کی نئی بلند ترین سطح بھی عبور ہوگئی۔

گزشتہ روز بھی پاکستان سٹاک ایکسچینج میں کاروبار کا مثبت دن رہا جہاں 100 انڈیکس 732 پوائنٹس اضافے سے 74 ہزار 531 پوائنٹس پر بند ہوا۔گزشتہ روز سٹاک مارکیٹ میں 57 کروڑ شیئرز کے سودے 23.4 ارب روپے میں طے ہوئے جبکہ مارکیٹ کیپٹلائزیشن 78 ارب روپے بڑھ کر 10 ہزار 37 ارب روپے پر چلی گئی تھی۔آئی ایم ایف کی 2027 تک مہنگائی کی شرح 6اشاریہ 5فیصد پر آنے اور آئندہ 4سال میں جی ڈی پی نمو بڑھنے کی پیش گوئیوں سے مقامی غیرملکی انویسٹرز کے اعتماد کو بڑھانے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔

یاد رہے کہ پاکستان نے گذشتہ ماہ عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کا تین ارب ڈالر کا قلیل مدتی قرضہ پروگرام مکمل کیا جس سے ملک کو ڈیفالٹ ہونے سے روکنے میں مدد ملی لیکن حکومت نے ایک نئے، طویل مدتی قرض پروگرام کی ضرورت پر زور دیا۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں