جینیٹک ٹیسٹنگ سے کینسر سمیت دیگر تمام بیماریوں کا با آسانی پتہ لگایا جاتا ہے،ڈاکٹر فرحان علی بخاری

جمعرات 28 جنوری 2021 17:01

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 جنوری2021ء) جے بی سائینٹیفک فورم کے ڈائیریکٹر ڈاکٹر فرحان علی بخاری نے کہا ہے کہ جینیٹک ٹیسٹنگ ( جینیاتی جانچ )سے کینسر سمیت کسی بھی بیماری کا با آسانی پتہ لگ جاتا ہے، مریض کے لیے دوا تجویز کی جاسکتی ہے اور اس کے مستقبل میں کسی بیماری میں مبتلا ہونے کے بارے میں بتایا جاسکتا ہے، جینیٹک ٹیسٹنگ میڈیکل ٹیسٹنگ کا ایک اہم تشخیصی ٹول ہے، جس سے کسی بھی فرد کے اندر جو جین ہوتے ہیں یا کرموسوم ہوتا ہے یا ڈی این اے میٹریل ہوتا ہے اس کی جانچ کرکے اس کی ٹیسٹنگ کی بنیاد پر مرض کی تشخیص اور اس کا علاج بتایا جاتا ہے ،یہ ایک اہم ٹیسٹ ہوتا ہے جو ہر فرد کے لئے مفید ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز محمد علی جناح یونیورسٹی کراچی کے دورے کے موقع پر یونیورسٹی کے ڈیجیٹل میڈیا اسٹوڈیو میں بائیو سائینسز کے شعبہ کی سربراہ ڈاکٹر ہما جاوید کو "جینیاتی جانچ کے آلے کے بطورایکسوم کی ترتیب یا مکمل ڈی این اے کی ترتتیب کی اہمیت "کے موضوع پر ایک انٹر ویو دیتے ہوئے بتائی۔

(جاری ہے)

ڈاکٹرفرحان بخاری کا کہنا تھا کہ جنیٹک ٹیسٹ ہی وہ موثر طریقہ ہے جس سے پتہ لگایا جاسکتا ہے کہ کوئی بیماری ایک نسل سے دوسری نسل کو تو منتقل نہیں ہورہی ہے یا ہوچکی ہے۔

سرطان کی بیماری کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس کی دو اقسام ہوتی ہیں، پہلی وہ جو ایک نسل سے دوسری نسل کو منتقل ہوسکتی ہے اور دوسری خود بخو ہوجاتی ہے، ان دونوں اقسام کی سرطان کی بیماریوں کی تشخیص جنیٹک ٹیسٹ ہی کے ذریعے ممکن ہے۔انہوں نے بتایا کہ جینیٹک میٹریل انسان کے سیل میں ہوتا ہے اور اس کے ٹیسٹ کو ڈی این اے کہتے ہیں اور جب تمام ڈی این ایز کو ٹیسٹ کرتے ہیں تو اسے ایکسوم ٹیسٹنگ کہتے ہیں۔

ڈاکٹر فرحان علی بخاری نے بتایا کہ جے بی سائینٹیفک فورم ایک کمرشل ٹیسٹنگ لیب ہے جہاں کینسر کے مرض کے سیمپلز کو جنیٹک ٹیسٹنگ کے ذریعے دیکھا جاتا ہے اور ڈاکٹرز کو اس کی ادویات تجویز کرنے کے ساتھ ساتھ کیمو تھراپی کے مضمرات سے بچانے کی کوشش کی جاتی ہے۔انہوں نے کہا کہ جینیٹک ٹیسٹنگ ڈی این اے میں پائی جاتی تبدیلی ہے جس سے کوئی مرض خاص طور پر کینسر لاحق ہوسکتا ہے اور اس بات کا پتہ آسانی سے لگایا جاسکتا ہے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں