انتظامیہ نے اورنگی ٹاؤن میں قبرستان کی زمین پر چائنہ کٹنگ کی کوشش ناکام بنادی

قبضہ مافیا نے 200گز کے پلاٹوں کی کٹنگ کردی تھی ، دیواریں لگا کر جلد پختہ تعمیرات کر کے مکمل قبضے کی کوشش کی جا رہی تھی

منگل 18 جنوری 2022 16:53

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جنوری2022ء) شہر قائد کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں قبرستان کے لیے مختص زمین بھی مافیا نے نہ چھوڑی، قبرستان کی زمین پر200 گز کے پلاٹوں کی کٹنگ کر دی گئی۔تفصیلات کے مطابق اورنگی ٹاؤن میں قبضہ مافیا نے ایک قبرستان کی زمین پر قبضہ کر لیا تھا، جسے پراجیکٹ ڈائریکٹر اورنگی ٹاؤن نے مافیا کے خلاف آپریشن میں واگزار کرا لیا۔

(جاری ہے)

پراجیکٹ ڈائریکٹر اورنگی ٹان رضا رضوی نے بتایا کہ آپریشن کے دوران قبرستان کے لیے مختص زمین واگزار کرا لی گئی ہے، قبرستان کی زمین پر دو دو سو گز کے پلاٹ کی کٹنگ کی گئی تھی۔انھوں نے کہا قبرستان کی زمین پر قبضہ مافیا نے دیواریں کھڑی کر دی تھیں، دیواریں لگا کر جلد پختہ تعمیرات کر کے مکمل قبضے کی کوشش کی جا رہی تھی۔پراجیکٹ ڈائریکٹر کے مطابق اورنگی ٹاؤن میں قبضہ مافیا کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی، انہوں نے واضح کیا کہ اورنگی ٹاؤن میں جو بھی قبضہ کرے گا اس کے خلاف بھر پور کارروائی کی جائے گی۔یاد رہے کہ اورنگی پراجیکٹ ڈائریکٹر کو حالیہ دنوں میں قبضہ مافیا کے خلاف آپریشن کرنے پر جان سے مارنے کی دھمکیاں بھی دی گئی تھیں۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں