انسداددہشت گردی عدالت نے سانحہ بلدیہ کیس کی سماعت 28 جولائی تک ملتوی کردی

پیر 23 جولائی 2018 18:00

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جولائی2018ء) انسداددہشت گردی عدالت نے سانحہ بلدیہ کیس کی سماعت 28 جولائی تک ملتوی کردی ہے ۔پیر کو سانحہ بلدیہ فیکٹری کیس کی سماعت انسداد دہشت گردی عدالت میں ہوئی ۔سماعت کے موقع پر ایم کیوایم کارکن اور کیس کا مرکزی ملزم رحمان بھولا، زبیر چریا اور دیگر عدالت میں پیش ہوئے جبکہ مختلف تھانوں کے مزید چار پولیس افسران کے بیانات قلمبند کیئے گئے ۔

(جاری ہے)

اپنے بیانات میں پولیس افسران کا کہنا تھا کہ بلدیہ فیکٹری میں آتشزدگی کے بعد لاشوں کو جمع کیا گیا، بیشتر لاشیں بری طرح جھلس چکی تھیں،بیشتر لاشوں کو ٹکڑوں کی صورت میں حاصل کیا گیا،کسی لاش کی ٹانگ اور کسی کے بازو بھی حاصل کیے گئے،باڈی کے ایک پارٹ کو بھی لاش تصور کیا گیا،کئی لاشوں کی شناخت موبائل فون ریکارڈ سے کی گئی،لاشوں کو تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے بھیجا گیا، عدالت نے 28 جولائی کو مزید گواہوں کو طلب کرلیا،سانحہ بلدیہ فیکٹری کیس میں اب تک 69 گواہوں کے بیانات قلمبند ہو چکے ہیں،سانحہ بلدیہ فیکٹری کیس میں 720 گواہوں کو نامزد کیا گیا ہے ۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں