باطل کے سامنے سینہ سپر اور حق پر سب کچھ نچھاور کرنا ہیفلسفہ حسینیت ہے، دردانہ صدیقی

اسوہ حسین ؓ باطل کو باطل کہنے کی جرآت پیدا کرتا ہے،حسین صرف ایک شخصیت ہی نہیں بلکہ ایک تحریک کا نام ہے۔ یوم عاشور کے موقع پربیان

بدھ 19 ستمبر 2018 20:26

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 ستمبر2018ء) باطل کے آگے ڈٹ جانے اور حق کے راستے میں اپنا سب کچھ قربان کر دینا ہی شہادت امام حسین رضی اللہ تعالی عنہ کا پیغام ہے۔ظلم و نا انصافی،لاقانونیت اور نفرت کے سامنے سینہ سپر ہونا ہی دراصل اسوہ رسول صلی اللہ علیہ وسلم اور اسوہ حسین رضی اللہ تعالی عنہ ہے۔ ان خیالات کا اظہار جماعت اسلامی پاکستان حلقہ خواتین کی سیکرٹری جنرل دردانہ صدیقی نے 10 محرم الحرام یوم عاشور کے موقع پر اپنے ایک بیان میں کیا۔

انہوں نے کہا کہ اسوہ حسین رضی اللہ تعالی عنہ باطل کو باطل کہنے کی جرآت پیدا کرتا ہے اور آج بدقسمتی سے مسلم حکمرانوں کے اندر اسی جرات اور ہمت کا فقدان ہے۔حسین صرف ایک شخصیت ہی نہیں بلکہ ایک تحریک کا نام ہے۔

(جاری ہے)

کربلا ایک دن کی جنگ نہیں بلکہ یہ دراصل حق کی خاطر قر بانیاں دینے کی تحریک کا تسلسل ہے اور یہ حق و باطل کے معرکے کا نام ہے۔ واقعہ کربلا دین کی سربلندی کے لئے اپنا سب کچھ نچھاور کردینے کا درس دیتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ کربلا میں باطل قوتیں طاقت کے زعم میں غلبے کے لئے کوشاں رہیں مگر وہ یہ آفاقی اصول بھلا بیٹھیں کہ جیت ہمیشہ حق کی ہوتی ہے۔ حضرت امام حسین رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے اپنی استقامت اور شہادت کے ذریعے یہ ثابت کر دیا کہ بلکہ حق ہی اصل طاقت ہے۔ عدل کے نظام اور شریعت کے نفاذ کے لئے اگر جان بھی قربان کرنی پڑے تو اس سے دریغ نہیں کرنا چاہیے یہی دراصل امام حسین رضی اللہ تعالی عنہ کی شہادت کا اصل مقصود ہے۔

ظلم کے خلاف ڈٹ جانا اور حق کے لیے آواز اٹھانا دین کا لازمی حصہ ہے چاہے مقتدرقوت کتنی ہی ظالم اور طاقتور کیوں نہ ہوں۔ دردانہ صدیقی نے کہا حضرت امام حسین رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے جہاد کا وہ عملی نمونہ پیش کیا جو رہتی دنیا تک کے مسلمانوں کے لیے مشعل راہ ہے۔ واقعہ کربلا قیامت تک مسلم امہ کے جذبہ جہاد کو مہمیز دیتا رہے گا۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں