اٹھارہ اکتوبر جمہوریت کے سفر میں سنگ میل کا دن ہے،بیرسٹر مرتضیٰ وہاب

پیپلزپارٹی کے کارکنوں نے جانوں کا نذرانہ دے کر یہ ثابت کردیا کہ ہم ملک میں جمہوریت کے سوا کوئی دوسرا نظام نہیں چاہتے ،مشیر اطلاعات سندھ

جمعرات 18 اکتوبر 2018 20:06

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اکتوبر2018ء) وزیر اعلیٰ سندھ کے مشیر اطلاعات و قانون بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ اٹھارہ اکتوبر جمہوریت کے سفر میں سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔ اس دن پاکستان پیپلز پارٹی کے لاکھوں کارکنوں نے شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کا وطن واپسی پر استقبال کرکے اور اس سانحہ میں پیپلز پارٹی کے سینکڑوں کارکنوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر یہ ثابت کردیا کہ ہم ملک میں جمہوریت کے سوا کوئی دوسرا نظام نہیں چاہتے ہیں۔

(جاری ہے)

مشیر اطلاعات سندھ نے اپنے پیغام میں کہا کہ آمروں نے ہمیشہ جمہوریت کو کچلنے کی کوشش کی ہے مگر پاکستان کے غیور عوام نے ان پر کبھی اعتماد نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے کارکنوں نے نہ کبھی جیلوں کی پرواہ کی ہے اور کوڑے کھانے میں پیچھے ہٹے ہیں بلکہ اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر انہوں نے اپنے خون سے جمہوریت کے پودے کو سینچا ہے۔ آج پاکستان میں جمہوری اقدار کی پاسداری صرف پاکستان پیپلز پارٹی کی مرہون منت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اٹھارہ اکتوبر کا دن قومی سانحہ کے طور پر یاد رکھا جائے گا جب پاکستان کی بہادر بیٹی شھید بیبی نے اپنی جان کی پرواہ کیئے بغیر وطن کی مٹی پر قدم رکھا اور آمروں کو کھلا پیغام دیا کہ ہم کسی سے ڈرنے والے نہیں ہیں۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں