18 اکتوبر شہید بے نظیر بھٹو کی قربانیوں اور جمہوریت کی فتح کا دن ہے۔ جان محمد بلوچ

جمعرات 18 اکتوبر 2018 23:07

کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اکتوبر2018ء) چیئرمین بلدیہ ملیر جان محمد بلوچ نے کہا ہے کہ18 اکتوبرشہید بے نظیر بھٹو کی بے مثال قربانیوں ، جمہوریت کی فتح کا دن ہے، بے نظیر بھٹوملک میں جمہوریت کی بحالی، عوام کی والہانہ محبت اور جمہوری اداروں کے استحکام کیلئے وطن واپس آئیں، پاکستان پیپلز پارٹی کی قائد اور جیالے کارکن کبھی بھی ظالموں اور دہشت گردوں کے ہتھکنڈوں سے خوف زدہ نہیں ہوئے، بے نظیر بھٹو نے جمہوریت پر اپنی جان قربان کر دی لیکن انتہاپسندی اور دہشت گردی سے ہار نہیں مانی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے شہداء کارساز کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے سانحہ کارساز کے یادگار پر حاضری کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس سانحہ کو 11 سال ہوگئے ہیں، ہم یہاں شہید کارکنوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے جمع ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، پیپلز پارٹی کے کارکنوںکا سفر جمہوریت کے حقیقی معنوں میں بحالی تک چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں جاری رہے گا۔ بعد ازا ں چیئرمین بلدیہ ملیر جان محمد بلوچ نے شہداء کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہداء کو اپنی جوار رحمت میں جگہ عطا فرمائے، شہداء کے درجات بلندکرے اور جنت الفردوس میں جگہ عطا فرمائے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں