کراچی،کیٹی بندر میں پاکستان میری ٹائم سیکورٹی ایجنسی کا افتتاح

پیر 10 دسمبر 2018 22:06

کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 دسمبر2018ء) کیٹی بندر میں پاکستان میری ٹائم سیکورٹی ایجنسی(پی ایم ایس ای) کے نو تعمیر شدہ بیس کی افتتاحی تقریب پیر کو منعقد ہوئی، چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق چیف آف دی نیول اسٹاف کی کیٹی بندر آمد پر ڈائریکٹر جنرل پاکستان میری ٹائم سیکورٹی ایجنسی رئیر ایڈمرل ذکا ء الرحمٰن نے ان کا استقبال کیا۔

اس موقع پر چیف آف دی نیول اسٹاف کو پاکستان میری ٹائم سیکورٹی ایجنسی بیس کیٹی بندر کے کردار، مشن، ذمہ داریوں اور آپریشنل چیلنجز کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ مہمان خصوصی نے بیس کا دورہ کیا اور پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی کی ساحلی علاقوں میں نئے یونٹس کے قیام کی کاوشوں کو سراہا۔

(جاری ہے)

کیٹی بندر مختصر آبادی پر مشتمل علاقہ ہے جہاں کے عوام کا ذیادہ تر انحصار ماہی گیری پر ہے۔

پاکستان میری ٹائم سیکورٹی ایجنسی بیس اپنے دائرہ کار میں مستقل پیٹرولنگ کے ذریعے نگرانی کے فرائض انجام دیتے ہو ئے آبی وسائل کا تحفظ یقینی بنائے گا اور سمندر میں غیر قانونی ماہی گیری کے عمل کی روک تھام کرے گا۔ پاکستان میری ٹائم سیکورٹی ایجنسی بیس کیٹی بندر کے قیام سے ماہی گیروں کی کشتیوں کی رجسٹریشن کر نے کے علاوہ ضرورت کے وقت عوام اور ماہی گیروں کو سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن کی فوری سہولیات بھی فراہم کی جا سکیں گی۔

پاکستان میری ٹائم سیکورٹی ایجنسی نے حال ہی میں ماہی گیروں اور سمندر میں جانے والے دیگر افراد کی سہولت کے لئے ایک موبائل ایپلیکیشن بھی متعارف کروائی ہے جس کے ذریعے وہ پاکستان کی سمندری حدودمیں کسی بھی وقت ،کہیں بھی مدد کے لئے پاکستان میری ٹائم سیکورٹی ایجنسی سے رابطہ کر سکتے ہیں۔ پاکستان میری ٹائم سیکورٹی ایجنسی پاکستان کا سمندر میں قانون نافذ کرنے والا واحد ادارہ ہے جو مشرق میں سر کریک سے مغرب میں گوادر بے تک پھیلی 1000 کلومیٹر ساحلی پٹی اور 295,000 مربع کلومیٹر سمندر ی علاقے میں ہر قسم کی غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے فرائض انجام دے رہا ہے۔

پاکستان میری ٹائم سیکورٹی ایجنسی پاکستان کی سمندری حدود میں قانون کی بالادستی اور غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے لئے پر عزم ہے اور اپنا قومی فریضہ اسی طرح بطریق احسن انجام دیتی رہے گی۔ افتتاحی تقریب میں مقامی ایم این اے، فلیگ آفیسرز، پاک بحریہ کے سینئر افسران اور مقامی معززین بھی شریک تھے۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں