غیر نصابی سرگرمیاں بچوں میںاپنے اندر چھپی صلاحیتوں کواجاگر کرنے کا موقع فراہم کرتی ہیں،بابر خان

بدھ 12 دسمبر 2018 20:35

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 دسمبر2018ء) ڈپٹی اکائونٹنٹ جنرل سندھ بابر خان نے کہا ہے کہ ہمارے والدین ہماری ضرورتوں کو پورا کرتے ہیں اور ہماری روحانی تربیت دینے کے لیے اساتذہ کا انتخاب کرتے ہیں جو ہماری ذہنی، جسمانی اور اخلاقی تربیت کرتے ہیں۔ انہوں نے یہ بات ہمدرد پبلک اسکول کے زیر اہتمام بلاول اسٹیڈیم مدینتہ الحکمہ میں 20 ویں شہید حکیم محمد سعید یادگاری انٹر۔

اسکول فٹبال چیمپیئن شپ 2018 کی افتتاحی تقریب میں بطور مہمان خصوصی طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ میں نے اب تک جو بھی کامیابیاں حاصل کیں اور مستقبل میں مزید کروں گا وہ سب میرے اسکول اور اساتذہ کی وجہ سے ہوں گی۔ غیرنصابی سرگرمیاں خود کو تلاش کرنے اور اپنے اندر چھپی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کا موقع فراہم کرتی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ ہر بچے میں کوئی نہ کوئی خاص بات موجود ہوتی ہے ۔

کوئی اسپورٹس میں اچھا ہوتا ہے کسی میں فائن آرٹس کی صلاحیتں موجود ہوتی ہیں، کوئی پبلک اسپیکنگ اور شاعری ادب میں لگائو رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں بیورو کریٹک پروفائل رکھنے کے باوجود میوزک کا شوق رکھتا ہوں۔ اس موقع پر انہوں نے طلبہ کے ساتھ دل دل پاکستان کا ملی نغمہ بھی گایا۔ اس چیمپیئن شپ کی افتتاحی تقریب میں ہمدرد فائونڈیشن پاکستان کی صدر محترمہ سعدیہ راشد ، ہمدرد یونی ورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شبیب الحسن، اسکول کے ہیڈمنسٹریٹر ڈاکٹر خالد نسیم، ولیج اسکول کے ہیڈماسٹر سلیم جتوئی، ہمدرد پبلک اسکول پرائمری سیکشن کی ہیڈ مسٹریس مہرین مسعود اور سیکنڈری اسکول کی ہیڈمسٹریس نبیلہ ماہین کے علاوہ اساتذہ، والدین اور طلبہ کی کثیر تعداد موجود تھی۔

قبل ازاں مہمان خصوصی ڈپٹی اکاونٹنٹ جنرل سندھ بابر خان نے اس چیمپیئن شپ کا آغاز فٹ بال کو کک مار کر کیا۔ اس چیمپیئن شپ میں کراچی کے مختلف اسکولوں کی 8 ٹیموں ہمدرد پبلک اسکول، ہمدرد ولیج اسکول، غلامان عباس، دی لرننگ ہائوس، عثمان پبلک اسکول کیمپس ii ، ہیپی پیلس کیمپسiii ، کراچی پبلک اسکول اور آغا خان پبلک اسکول کھارادر نے حصہ لیا۔

اس ٹورنامنٹ کا پہلا میچ ہمدرد پبلک اسکول اور ہیپی پیلس اسکول کے درمیان کھیلا گیا جسے ہمدرد پبلک اسکول نے 6-0 سے جیت لیا جبکہ اس کا دوسرا میچ دی لرننگ ہائوس اسکول اور غلامان عباس کے درمیان کھیلا گیا جسے لرننگ ہائوس نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 1-0 سے کامیابی حاصل کی۔ اس کا تیسرا میچ ہمدرد ولیج اسکول اور کراچی پبلک اسکول سے ہوا جسے ہمدرد ولیج اسکول نے 5 صفر سے جیت لیا جبکہ اس کا چوتھا اور آخری میچ آغا خان پبلک اسکول کھارادر اور عثمان پبلک اسکول کے درمیان کھیلا گیا۔ آخری اطلاعات آنے تک میچ جاری تھا۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں