کمشنر کراچی الیون نے سجاس الیون کو ایک دلچسپ مقابلے کے بعد 12 رنز سے شکست دیکر یوم پاکستان فیسٹول کرکٹ میچ اپنے نام کرلیا

پیر 25 مارچ 2019 19:22

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 مارچ2019ء) کمشنر کراچی الیون نے سجاس الیون کو ایک دلچسپ مقابلے کے بعد 12 رنز سے شکست دیکر یوم پاکستان فیسٹول کرکٹ میچ اپنے نام کرلیا۔ فاتح ٹیم کے اوپنر عباس ولیکا میچ کے بہترین کھلاڑی، سجاس کے کاشف فاروقی بہترین بولر اور ڈپٹی کمشنر ساوتھ صلاح الدین احمد بہترین آل راونڈر قرار پائے۔ میچ میں ڈپٹی کمشنر ایسٹ احمد علی صدیقی، ڈپٹی کمشنر ویسٹ اور سابق ٹیسٹ کرکٹر وکٹ کیپر بیٹسمین کراچی جیمخانہ کے سیکریٹری سلیم یوسف سمیت اہم سرکاری افسران نے حصہ لیا، سینئر اسپورٹس جرنلسٹ عتیق الرحمان نے سجاس کے منیجر شپ کے ساتھ شاندار انداز میں کمنٹری کی ذمہ داری ادا کی، اس موقع پر کمشنر کراچی افتخار علی شلوانی نے کہا کہ ملک اور شہر کے پرامن تصور کو اجاگر کرنے میں اسپورٹس جرنلسٹس کا کردار اہم ہے۔

(جاری ہے)

پاکستان سپر لیگ سیزن فور کی کامیابی میں جہاں ایک جانب وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ،وزیر بلدیات سعید غنی اور سیکورٹی اداروں کا کردار اہم رہا، وہی اسپورٹس جرنلسٹس نے اپنی رپورٹنگ کے ذریعے دنیا کو پر امن پاکستان کا پیغام دیا ہے، ضلع جنوبی کی طرح اسپورٹس جرنلسٹس ایسوسی ایشن کیساتھ دیگر اضلاع میں بھی میچز کا انعقاد کیا جائے گا،ہم دنیا کو بتانا چاہتے ہیں کہ کراچی سٹی آف کرکٹ ہے۔

دنیا کے تمام ممالک کھیلنے کے لئے کراچی آئیں۔ اسپورٹس جرنلسٹس ایسوسی ایشن سندھ (سجاس) کے سیکریٹری محمداصغرعظیم نے میچ کے شاندار انعقاد پر کمشنر کراچی، ڈپٹی کمشنر ساوتھ اور کراچی جم خانہ کی انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا، ان کا کہنا تھا کہ کھیلوں کے فروغ کے لئے سجاس کا آرگنائزر کے ساتھ تعاون جاری رہے گا۔ پی ایس ایل کی کامیابی میں سینئرز اسپورٹس جرنلسٹس کے ساتھ جونیئرز کا کردار بھی اہمیت کا حامل رہا ہے، درحقیقت سیکورٹی ادارے اور اسپورٹس جرنلسٹس اپنی اپنی حدود میں رہتے ہوئے پی ایس ایل کی کامیابی کے لئے شبانہ روز مصروف رہے جس پر سجاس انہیں خراج تحسین پیش کرتی ہے، یوم پاکستان کے موقع پر کمشنر کراچی الیون اور سجاس الیون کے درمیان فیسٹول ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میچ کراچی جم خانہ کے تاریخی گراونڈ میں کھیلا گیا۔

کمشنر الیون کے کپتان کمشنر کراچی افتخار شلوانی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ اوور میں 8 وکٹوں کے نقصان پر سجاس کو 172 رنز کا ہدف دیا۔ کمشنر الیون کے اوپننگ بیٹسمینوں نے شاندار آغاز فراہم کیا، عباس ولیکا نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ناقابل شکست 55 گیندوں پر 71رنز بنائے جبکہ ڈپٹی کمشنر ساوتھ صلاح الدین احمد نے 24 گیندوں پر 30 رنز بناکر اور دوکٹیں حاصل کرکے اپنی ٹیم کی جیت میں اہم کردار اداکیا، دیگر بلے بازوں میں کمشنر کراچی افتخار شلوانی 22 گیندوں پر 20 رنز،احمد علی 17 گیندوں پر 32رنز،سابق ٹیسٹ کرکٹر وکٹ کیپر بیٹسمین سلیم یوسف 8 رنز بناکر نمایاں اسکورر رہے۔

سجاس کی جانب سے کاشف فاروقی سب سے کامیاب بولر رہے۔انہوں نے تین اوور میں صرف 18 رنز دیکر 3 وکٹیں حاصل کی۔ ہدف کے تعاقب میں سجاس الیون مقررہ اوور میں چار وکٹوں کے نقصان پر 159 رنز بناکر ہمت ہارگئی۔ سجاس کے اوپنرز شاہد انصاری اور انیس الدین خان نے بہترین آغاز کیا۔دونوں بلے بازوں کے درمیان 78 رنز کی شراکت کے باعث سجاس کی پوزیشن مضبوط ہوگئی تاہم ان کے آوٹ ہونے کے بعد کمشنر الیون کھیل میں واپس آگئی۔

شاہد انصاری نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 31گیندوں پر ایک چھکے اور پانچ چوکوں کی مدد 44 رنز بناکر رن آٹ ہوئے۔ انیس الرحمان نے 25 رنز 22گیندوں پر اسکور کئے۔دیگر بلے بازوں میں ارشد وہاب ایک چوکے کی مدد سے 18گیندوں پر 20 رنز اورمنصور علی بیگ 11رنزبناکر پولین لوٹ گئے۔ طارق حسین نے 12گیندوں پر 19 رنز بناکر اورکاشف فاروقی 10 رنز بناکر ناٹ آٹ رہے۔ میچ کے اختتام پر کمشنر کراچی افتخار علی شلوانی اور کراچی جم خانہ کے صدر فواد ملک نے انعامات تقسیم کئے۔

سجاس کے کپتان اصغرعظیم نے سجاس کے صدر طارق اسلم اور سینئر ممبر مقصود احمد کے ہمرہ رنر ا پ ٹرافی جبکہ افتخار شلوانی نے کراچی جیمخانہ کے صدر فواد فواد ملک سے فاتح ٹرافی وصول کی۔ ڈپٹی کمشنر ساوتھ صلاح الدین احمد بہترین آل راونڈر، کاشف فاروقی بہترین بولر اور عباس ولیکا میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔.

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں