نارتھ کراچی میں پانی کا مصنوعی بحران شدت اختیار کر گیا

بدھ 18 ستمبر 2019 23:21

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 ستمبر2019ء) نارتھ کراچی میں پانی کا مصنوعی بحران شدت اختیار کر گیا جس کی وجہ سے فسادات پھوٹنے کا خطرہ پیدا ہو گیا ہے،گذشتہ12دنوں سے پانی کی بندش کے باعث علاقہ کربلا کا منظر پیش کر رہا ہے ،حب ڈیم سے نارتھ کراچی کو پانی کی فراہمی منقطع کئے جانے سے بھی بحران بڑھ رہا ہے اور بحران کا فائدہ ٹینکر مافیا اٹھارہا ہے جو مہنگے داموں ٹینکر فروخت کر رہا ہے،کراچی واٹر بورڈ ناغہ کے دنوں میں بھی مسلسل غیر اعلانیہ اضافہ کر رہا ہے جبکہ متاثرہ علاقوں کے مکینوں نے واٹر بورڈ کے افسران پر پانی فروخت کرنے کا الزام عائد کیا ہے اور پانی کی فوری فراہمی نہ ہونے کی صورت میں سخت احتجاج کی دھمکی بھی دی ہے جبکہ واٹر بورڈ حکام نے بحران کو سیاسی نور اکشی قرار دیا ہے۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق ضلع وسطی کے علاقے نارتھ کراچی سیکٹرفائیو ای1،فائیو ای2،فائیو ای3،فائیو ای4،سیکٹر5B1، 5B2،سیکٹر2،سیکٹر3،سیکٹر4سمیت12سیکٹروں میں پانی مصنوعی بحران شدت اختیار کر چکا ہے مذکورہ علاقوں میں گذشتہ12دنوں سے غیر اعلانیہ طور پر پانی بند ہے جس کی وجہ سی25ہزار سے زائد گھروں میں پانی کی قلت پیدا ہو گئی ہے پانی کی ستائے لوگوں نے سڑکوں پر آکرسخت احتجاج کی دھمکی بھی دی ہے جس کی وجہ سے فسادات پھوٹنے کا خطرہ پیدا ہو گیا ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ حب ڈیم سے نارتھ کراچی کو پانی کی سپلائی منقطع کیا جانا بھی بحران کو بڑھانے کا سبب بن رہا ہے ،صورتحال اس نہج پر پہنچ چکی کی ہے کہ مکین پانی کیلئے گیلن ہاتھ میں لئے پھر رہے ہیں۔مکینوں نے الزام عائد کیا ہے کہ واٹر بورڈ کے افسران وعملہ جان بوجھ کر پانی کا مصنوعی بحران پیدا کر رہا ہے اور ہمارے حصے کا پانی کاٹ کر ان علاقوں کو دیا جا رہا ہے جہاں سے انہیں بھاری معاوضہ مل رہا ہے۔

مکینوں کا کہنا تھا کہ نارتھ کراچی میں 80سی100گز کے مکانات بنے ہوئے ہیں اور ان گھروں میں پانی ذخیرہ کرنے کی گنجائش بمشکل 3سی4دن ہے مگر واٹر بورڈ حکام 10سی15دن تک کیلئے پانی بند کر رہے ہیں ،ان کا کہنا تھا کہ اگر متاثرہ علاقے کو پانی فوری سپلائی نہیں کیا گیاواٹر بورڈ کے خلاف احتجاج کے سوا ہمارے پاس کوئی دوسرا راستہ نہیں ہے۔دوسری جانب واٹر بورڈ ذرائع کا کہنا ہے کہ واٹر بورڈ اپنا کام درست انداز میں کر رہا ہے اور شہریوں کو پانی کی منصفانہ تقسیم کیلئے کوششوں کو جاری رکھے ہوئے ہے مگر طاقت اور سیاست کی آڑ میں مسائل پیدا کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے جس پر جلد قابو پا لینگے۔

واٹر بورڈ ذرائع کا کہنا ہے کہ پانی کی قلت والے علاقوں میں پانی فراہم کرنے کا م?ثر منصوبہ بنایا ہے اور قلت آب کے مسئلے پر بتدریج قابو پا لیں گے۔ #

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں