مقبوضہ کشمیر میں حالیہ بھارتی جارحیت اور فلسطین پر اسرائیل کے تازہ حملوں پر عالمی برادری کی مجرمانہ خاموشی المیہ ہے، دردانہ صدیقی

ہفتہ 16 نومبر 2019 23:48

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 نومبر2019ء) مقبوضہ کشمیر میں حالیہ بھارتی جارحیت اور فلسطین پر اسرائیل کے تازہ حملوں پر عالمی برادری کی مجرمانہ خاموشی المیہ ہے۔ دنیا کا موجودہ منظر نامہ اہل درد کو جہد مسلسل کی جانب متوجہ کر رہا ہے جب تک قیادت و امامت، صالحین اور حقیقی منصفین کے ہاتھ میں نہیں ہو گی ظلم کا دائرہ بڑھتا چلا جائے گا۔

ان خیالات کا اظہار جماعت اسلامی حلقہ خواتین پاکستان کی جنرل سیکریٹری دردانہ صدیقی نے مرکزی شعبہ جات اور ادارہ جات کی دو روزہ اقامتی تربیت گاہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ آپ وہ لوگ ہیں جن کو اللہ نے اقامت دین کے اہم ترین فریضہ کی ادائیگی کے لئے چنا ہے۔ آپ تحریک کی امید اور قوت، سرمایہ اور محافظ ہیں۔

(جاری ہے)

پچھلی صفوں کی درستگی کا انحصار ہراول دستے کی درستگی پر ہوتا ہے۔

اپنی دعوت کو اس نکھار سے پیش کریں کہ لوگ اس کو بخوشی قبول کر لیں۔ ہماری محنت اور درستگی پر جہاں تحریک کی کامیابی کا انحصار ہے وہیں ہماری ذرا سی کوتاہی تحریک کے لئے بہت نقصان دہ ثابت ہو سکتی ہے۔ آپ جس بھی دائرے میں کام کریں منظم و مربوط انداز سے کریں۔دردانہ صدیقی نے مزید کہا کہ ہم خواہ جس محاذ پر بھی ہوں بحیثیت تحریکی کارکن ہمارا تقوی، فہم و بصیرت، عزم و ارادہ اور اللہ پر تو کل ہماری آزمائش اور اثاثہ ہیں۔

اجتماعی معاملات کی ذمہ داری بہت بڑی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہاکہ معاشرے کی تعمیر کرنے کا ارادہ رکھنے والوں کے لئے پہلی شرط اپنی ذات کی تعمیر ہے۔بندگی رب کے لئے صالح اجتماعیت اور اچھے لوگوں کا ساتھ معاشرے کی اہم ضرورت ہے۔ہمیں مستقبل کے چیلنجز سے نپٹنے کے لئے نظریاتی شناخت کے استحکام اور منصوبہ بندی کے ساتھ ہواوں کا رخ بدلنے کی صلاحیت سے معاشرے کی رہنمائی کرنا ہے۔انہی مقاصد کے حصول اوراپنے کام کو تنظیم کے ساتھ مربوط ، منظم اور موثر بنانے کے لئے اس تربیت گاہ کا انعقاد کیا گیا ہے۔#

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں