لاڑکانہ میں کتے کے کاٹنے سے زخمی ہونے والے 6سالہ بچے کی حالت سنبھل گئی

وزیر اعلی سندھ کی ہدایت پر تشکیل شدہ خصوصی میڈیکل بورڈ حسنین کی مزید سرجری کے بارے میں حتمی فیصلہ کرے گا

جمعرات 21 نومبر 2019 17:10

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 نومبر2019ء) لاڑکانہ میں متعدد کتوں کے حملے میں شدید زخمی ہونے والے 6 سالہ بچے حسنین کے حوالے سے اچھی خبر آ گئی۔تفصیلات کے مطابق این آئی سی ایچ میں زیر علاج حسنین کی حالت سنبھل گئی ہے، ڈاکٹروں نے چھ سالہ حسنین کو وینٹی لیٹر سے ہٹا دیا ہے، اور نالی کے ذریعے خوراک دی جانے لگی ہے۔وزیر اعلی سندھ کی ہدایت پر تشکیل شدہ خصوصی میڈیکل بورڈ حسنین کی مزید سرجری کے بارے میں حتمی فیصلہ کرے گا۔

انتہائی نگہداشت یونٹ کے سربراہ اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر مرتضی علی کے مطابق بچے کی حالت میں بہتری آ گئی ہے اس لیے اسے وینٹی لیٹر سے ہٹا دیا گیا ہے، بچے کے چہرے کی مزید سرجری کے بارے میں بھی فیصلہ کیا جائے گا۔یاد رہے کہ چھ سالہ حسنین کے ساتھ یہ لرزہ خیز واقعہ 14 نومبر کو بھٹو کے شہر لاڑکانہ میں پیش آیا تھا جب 6 سے 7 کتوں نے کم سن بچے پر حملہ کیا اور اس کا منہ کھا گئے۔

(جاری ہے)

اس کے بعد بچے کے گھر والے اس کے علاج کے لیے در در پھرتے رہے، آخر کار بچے کو این آئی سی ایچ میں داخل کیا گیا، تاہم اس سے قبل اس واقعے نے سندھ کی سیاست میں ہل چل مچا دی تھی۔تین دن قبل وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ کی ہدایت پر زخمی حسنین کے علاج کے لیے میڈیکل بورڈ تشکیل دیا گیا، 10 رکنی اس بورڈ کے چئیرمین این آئی سی ایچ کے ڈاکٹر جمشید اختر ہیں۔ ترجمان حکومت سندھ کا کہنا تھا کہ ضرورت پڑی تو بچے کو بیرون ملک بھی علاج کے لیے سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں