سیکریٹری صنعت کانارتھ کراچی صنعتی ایریامیں انفراسٹرکچر کی بحالی کے منصوبوں کی پیش رفت پراظہار اطمینان

نارتھ کراچی صنعتی ایریاکا پراپرٹی ٹیکس مینجمنٹ کمپنی کو دیا جائے تاکہ انفرااسٹرکچر کی دیکھ بھال کی جاسکے،سید عثمان علی ڈائریکٹر نکائی

جمعہ 22 نومبر 2019 16:05

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 نومبر2019ء) سیکریٹری صنعت سندھ ڈاکٹر نسیم الغنی سہتو نے نارتھ کراچی صنعتی ایریا میں انفراسٹرکچر کی بحالی کے منصوبوں کی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا ہے اور منصوبوں کی بروقت تکمیل پر نارتھ کراچی انڈسٹریل اینڈ مینجمنٹ کمپنی کی انتظامیہ کی کاوشوں کو سراہاہے ۔ این کے آئی ڈی ایم سی کے ساتھ اجلاس میں ان کا کہنا تھاکہ وہ وزیراعلیٰ سندھ کو چیف سیکریٹری کے ذریعے نارتھ کراچی صنعتی ایریا میں انفرااسٹرکچر کی بحالی کے منصوبوں پر پیش رفت اور تجاویز سے آگاہ کریں گے ۔

انہوں نے مستقبل میں این کے آئی ڈی ایم سی کو سہولتوں کی فراہمی کی یقین دہانی بھی کروائی۔سیکریٹری صنعت نے صنعتی علاقے کا دورہ کیا جہاں انہیں نئے ترقیاتی کاموں اور تجاوزات کے خاتمے کے حوالے سے آگاہ کیا گیا۔

(جاری ہے)

نارتھ کراچی انڈسٹریل اینڈ مینجمنٹ کمپنی ( این کے آئی ڈی ایم سی) کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر صادق محمد نے بریفنگ میں کہا کہ سندھ حکومت نے نارتھ کراچی صنعتی ایریا کے انفرااسٹرکچر کی بحالی کے لیے مینجمنٹ کمپنی کو573ملین روپے جاری کیے تھے۔

اس وقت ہم نے 3منصوبے مکمل کیے ہیں اور چوتھے منصوبے کا 91فیصد کام مکمل کیا جا چکا ہے جبکہ9فیصد کام کے الیکٹرک کی جانب سے رکاوٹوں کی وجہ سے تاخیر کا شکار ہے۔ ہم ان منصوبوں پر اب تک 442ملین روپے خرچ کیے ہیں۔سندھ حکومت کی ہدایت پر مستند فرم سے دو مالی سالوں کا آڈٹ بھی مکمل کرلیا گیاہے۔انہوںنے صنعتی ایریا سے تجازوات کے مکمل خاتمے کی بھی درخواست کی تاکہ صنعتی خام مال اور برآمدی مال کی ترسیل بلارکاوٹ ممکن بنایا جاسکے۔

پروجیکٹ ڈائریکٹر فراز مرزا نے سیکریٹری صنعت سندھ کو جاری منصوبوں کے بارے میں تفصیلات بتاتے ہوئے کہاکہ ہم نے حال ہی میں بحال کئے گئے انفرا اسٹرکچر کو محفوظ بنانے اور بے ضابطگیوںکو روکنے کے لیے باقاعدہ ویجی لینس ڈپارٹمنٹ قائم کیا ہے۔ انہوںنے درخواست کی کہ انفرااسٹرکچر کو نقصان سے بچانے اور غیرقانونی سرگرمیوں کے خلاف کارروائی کے لیے کمشنر کراچی یا ڈپٹی کمشنر سینٹرل کے ذریعے ویجی لینس کمیٹی کا بااختیار بنایا جائے۔

این کے آئی ڈی ایم سی کے ڈائریکٹر سید عثمان علی نے اجلاس میں بتایا کہ نارتھ کراچی انڈسٹریل اینڈ مینجمنٹ کمپنی کی جانب سے نئے انفرااسٹرکچر کے تحفظ کے لیے سرویلینس سسٹم کی تنصیب، ایف بی ایریا،نارتھ کراچی اور سائٹ سپر ہائی وے سے لنک روڈ کی تعمیر اورشہر سے بندرگاہ تک ٹریفک جام سے بچنے کے لیے نارتھ کراچی سے نادرن بائی پاس کے لیے لنک روڈ کی تعمیر کے لیے بھی پی سی ون ارسال کیا ہے۔انہوں نے تجویز دی کہ نارتھ کراچی صنعتی ایریا سے وصول ہونے والا پراپرٹی ٹیکس مستقل بنیادوں پر مینجمنٹ کمپنی کو دیا جائے تاکہ انفرااسٹرکچر کی دیکھ بھال اور مرمت کا کام کی جاسکے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں