ٰحکومت علمائے کرام پر قائم مقدمات خارج کرے اور آئمہ کرام کی تذلیل پر معافی مانگے،مفتی حمادمدنی

کرونا کی وباکو اللہ کا غضب سمجھاجائے اور اس کے خاتمے کے لئے اللہ کے حضورگڑگڑاکر معافی مانگی جائے، جنرل سیکرٹری جمعیت علمائے اسلام (س) کراچی

منگل 31 مارچ 2020 23:53

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 31 مارچ2020ء) جمعیت علمائے اسلام س کراچی کے جنرل سیکریٹری مفتی محمدحماداللہ مدنی نے کہاہے کہ دینی طبقے کو بدنام کرنے والے شرپسند عناصر اپنے مذموم ارادوں میں ناکام ہوں گے، حکومت علمائے کرام پر قائم مقدمات خارج کرے اور آئمہ کرام کی تذلیل پر معافی مانگے۔کرونا کی وباکو اللہ کا غضب سمجھاجائے اور اس کے خاتمے کے لئے اللہ کے حضورگڑگڑاکر معافی مانگی جائے،اللہ کی مدداللہ کے گھرآباد کرنے سے ملے گی ،اللہ کے گھروں کو بند کرکے نہیں ،علمائے کرام چودہ سوسالوں سے امت کی اصلاح ورہنمائی کا فریضہ انجام دے رہے ہیں،افسوس کی بات ہے اسلامی نظریاتی مملکت میں ان سے رہنمائی لینے کے بجائے انہیں جاہل کہاجارہاہے۔

انہوں نے کہاکہ ہم کروناوائرس کے خاتمے کے لئے اپنی خدمات پیش کرنے والے ڈاکٹرز، نرسوں اور پیرا میڈیکل اسٹاف سمیت پاک فوج،رینجرزاور پولیس کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ علماء کی گرفتاریوں پر عوام میں شدید غم و غصہ پایاجارہا ہے،علماء ہی وہ طبقہ ہے جس نے ہمیشہ قومی یکجہتی کی فضا ء قائم کرنے میں قومی اداروں کی مدد کی ہے اورجو مثبت اور تعمیری کردار اس وقت علمائے کرام ادا کررہے وہ قابل ستائش ہے۔

انہوں نے کہاکہ حکومت کرونا وائرس پر لاک ڈائون کرنے میں کامیاب نہیں ہوسکی ،مارکیٹوں اور گلیوں میں بھی لوگوں کے رش کو کم کیے بغیر کرونا پر قابو نہیںپایا جاسکتا،اس کے لئے ضروری ہے کہ کرفیو کی طرز پر اقدامات کرکے کرونا کو قابو کیا جائے ،دوسری جانب حکومت نے کرونا وائرس کے خلاف جدوجہد کے لئے قومی یکجہتی کا ماحول بنانے کے لئے اقدامات نہ کرکے قوم کو تذبذب میں ڈال دیاہے ۔انہوں نے دعاکی کہ اگلا جمعہ مسجدوںمیں باجماعت ادا کرنے کے حالات بن جائیں۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں