․حالیہ بارشوں میں عدم صفائی اور گندگی کے باعث کراچی شہر کو نئے قسم کے حشرات الارض نے گھیر لیا ہے،محمد صابر

اتوار 9 اگست 2020 18:20

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 اگست2020ء) جمعیت علماء اسلام یوتھ ونگ کے صدر محمد صابر نے اپنے ایک بیان میںکہا ہے کہ حالیہ بارشوں میں کراچی شہرمیں عدم صفائی اور گندگی کے ڈھیروں سیورج کے پانی کے جوہڑوں اور گندے تالابوں کے باعث نئے قسم کے موذی حشرات الارض نے جنم لے لیا ہے اس قسم کے موذی کیڑے اس سے قبل کبھی نہیں دیکھے گئے حکومت کراچی کے شہریوں کی صحت کا خیال کرتے ہوئے پورے شہر میں اسپرے کراوائے تاکہ ان موذی کیڑے مکوڑوں سے بچا جاسکے یہ کیڑے اس قدر خطرناک ہیں کے شہریوں کے کان اور ناک میں گھس رہے ہیں اور جسموں پر بیٹھنے کی وجہ سے جسم کے اس حصہ کو متاثر کر رہے ہیں اور جسم کے الرجی اور خارش پیدا کر رہے ہیں اگر حکومت نے اس پر سنجیدگی سے نا سوچا تو بہت بڑا نقصان ہوسکتا ہے ، حالیہ بارشوں میں ہونے والی تباہی حکمرانوں کے منہ پر طمانچہ ہے ،حکومتی اہلکاروں کے دعوے عوام کے سامنے بے نقاب ہوچکے ہیں ،کے الیکٹرک کی غفلت کی وجہ سے کئی انسانی جانیں بلکہ بے زبان جانوروں کی جانیں بھی گئی ہیں لیکن کسی کے کان پر جوں تک نہیں رینگی ،کراچی شہر جو ایک وقت روشنیوں کا شہر کہلاتا تھا لیکن آج اپنی زبوحالی کی بنا پر کسی مسیحا کا منتظر نظر آتا ہے ریاستی حکمرانوں کے موجودہونے کے باوجود پاکستان کا سب سے بڑا شہر اور ریاست کو اسی فیصد ٹیکس ادا کرنے کے باوجود بنیادی ضروریا ت کے لئے کسی مسیحا کا منتظر ہے ۔

(جاری ہے)

کراچی کے شہریوں کو پینے کا صاف پانی تک میسر نہیں ہے ،معیاری تعلیم کے لئے سرکاری سطح کا معیاری تعلیم ادارا قائم نہیں کیا جاسکا ،صحت کا یہ عالم ہے کہ ہسپتالوں میں ادویات تک میسر نہیں بلکہ بعض ہسپتالوں میں عملہ تک موجود نہیں ،ارباب اقتدار صرف ریاست کے حکمران بنے ہوئے ہیں اور ریاست کو اغیار کے رحم کرم پر چھوڑاہوا ہے ۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں