پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ عوام دشمنی اور حکومتی نااہلی ہے،مسلم لیگ (ن) سندھ

قیمتوں میں اضافے سے روز مرہ استعمال کی تمام اشیا عام آدمی کی دسترس سے دور ہوجائیں گی ملائیشیا میں پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن کے طیارے کوتحویل میں لیے جانا نااہل حکمرانوں کی ناقص حکمت عملی کا نتیجہ ہے ،مشترکہ بیان

جمعہ 15 جنوری 2021 23:17

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 جنوری2021ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) سندھ کے صدر شاہ محمد شاہ ،جنرل سیکرٹری ڈاکٹر مفتاح اسماعیل اور سیکرٹری اطلاعات خواجہ طارق نذیر نے کہا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ عوام دشمنی اور حکومتی نااہلی ہے ۔قیمتوں میں اضافے سے روز مرہ استعمال کی تمام اشیا عام آدمی کی دسترس سے دور ہوجائیں گی ۔

ملائیشیا میں پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن کے طیارے کوتحویل میں لیے جانا نااہل حکمرانوں کی ناقص حکمت عملی کا نتیجہ ہے ۔جمعہ کو جاری مشترکہ بیان میں مسلم لیگی رہنماؤں نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے غربت ،مہنگائی اور بیروزگاری کے مارے 22کروڑ عوام کی کمر ٹوٹ جائے گی اور چولہے ٹھنڈے ہوجائیںگے ۔عوام کو ریلیف دینے کے لیے ان مصنوعات پر ٹیکس کم کرنے کی اشد ضرورت تھی لیکن حکمران عوام کا تیل نکالنے میں مصروف ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ ایک طرف قیمتوں میں اضافہ ،دوسری طرف گیس ،سی این جی کی شدید قلت عوام کو بدحال اور خودکشیوں پر مجبور کردے گی ۔قیمتوں میں اضافے سے روز مرہ استعمال کی تمام اشیاء عام آدمی کی دسترس سے دور ہوجائیںگی ۔حکومت کے اس فیصلے سے معیشت شدید متاثر ہوگی۔صنعتی مصنوعات اور برآمدات پر اس کے مضر اثرات مرتب ہوں گے ۔مسلم لیگی رہنماؤں نے ملائشیا میں قومی ایئرلائن کے طیارے کو تحویل میں لیے جانے کی خبروں پر بھی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس حکومت نے دنیا بھر میں ملک کی جگ ہنسائی کرانے کا تہیہ کیا ہوا ہے ۔

یہ امر انتہائی افسوس ناک اور شرم ناک ہے کہ کوئی ملک ہماری قومی ائیرلائن کے طیارے کو اپنی تحویل میں لے ۔ گزشتہ ڈھائی برسوں میں موجودہ نااہل حکومت نے پاکستان کو جتنا نقصان پہنچایا ہے اس کی ماضی میں کوئی نظیر نہیں ملتی ہے ۔مسلم لیگی رہنمائوں نے مطالبہ کیاکہ وفاقی وزیر برائے ہوابازی اور ایم ڈی پی آئی اے اپنی ناکامی کاعتراف کرتے ہوئے فوری طوراً اپنے عہدوں سے مستعفی ہوجائیں

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں