حبیب بینک کے محنت کشوں اور جونیئر لیول کے افسران کے حقوق کا بدترین استحصال کیا جارہا ہے،حبیب الدین جنیدی

جمعرات 28 جنوری 2021 19:56

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 جنوری2021ء) پرائیویٹائزیشن کے بعد حبیب بنک کے محنت کشوں اور جونیئر لیول کے افسران کے حقوق کا بدترین استحصال کیا جارہا ہے جس کے خلاف ہر سطح پر آواز اُٹھائی جائے گی۔ان خیالات کا اظہار پیپلز لیبر بیورو سندھ کے صدر سینئر مزدور رہنما حبیب الدین جنیدی نے حبیب بنک ورکرز فرنٹ آف پاکستان (سی بی ای) کے مرکزی عہدیداران کے ایک نمائندہ وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیاجس نے صدر حاجی محمد یعقوب کی قیادت میں اُن سے اُن کے مرکزی دفتر میں ملاقات کی،وفد میں سیّدہ نادرہ پروین،شاہد سلطان، اظہر پٹھان ،محمد عاصم اسلم،شکیل بلوچ،محمد شاہد خان،شوکت صدیقی ، محمد ابراہیم اور دیگر قائدین شامل تھے۔

حبیب الدین جنیدی نے کہا کہ حبیب بنک کے ملازمین نے اپنی شب وروز محنت سے اس ادارہ کو پورے براعظم ایشیاء میں بنکنگ کے بامِ عروج پر پہنچایا ہے مگر اس کے باوجود موجودہ انتظامیہ اُن کی محنت کا جائز صلہ اُن کو دینے سے بھی انکاری ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اُن کے علم میں لایا گیا ہے کہ مذکورہ بنک نے گذشتہ ہفتہ اپنے انتظامی افسران کے لئے (جوکہ اس وقت ادارہ کی مجموعی افرادی قوّ ت کا 90%سے بھی زائد ہیں) اُن کی تنخواہوں میں اضافہ کیا ہے جو کہ جونیئر افسران کے بقول اُن کے لئے اونٹ کے منہ میں زیرہ کے مترادف اور مایوس کُن ہے کیونکہ اس اضافہ کا اصل اور بھر پور فائدہ بنک کے سینئر ایگزیکٹوز کو ہی پہنچے گا۔

دوسری جانب حبیب الدین جنیدی نے کہا کہ سالانہ اپریزل کی ریٹنگ کے اعلان نے کلریکل کیڈر کے ملازمین کی اکثریت میں بھی شدید اضطراب اور بے چینی پھیلا دی ہے کیونکہ اُن کی ریٹنگ کٹیگری کو انتہائی نچلی سطح پر رکھ کر اُنہیں اُن کی محنت کے حقیقی معاوضہ سے بھی محروم کردیا گیا ہے جسے ہم مسترد کرتے ہیں۔سینئر مزدور رہنما نے کہا کہ کورونا کی وباء کی شدت کے دور میں بنک کے محنت کشوں اور جونیئر افسران نے اپنی زندگی کی پرواہ نہ کرتے ہوئے عوام کو کاؤنٹر سروس اوربنکاری کی دیگر خدمات فراہم کیں مگر اس ضمن میں کلریکل کیڈر کو اسپیشل ایوارڈ میں سرے سے نظر انداز کردیا گیا جو کہ ایک قابل مذمت اور غیر انسانی رویّہ ہے۔

حبیب الدین جنیدی نے کہا کہ HBLکی انتظامیہ ’’نان اسٹاپ بنکنگ ‘‘کے نام پر ملازمین سے لیبر لاز کی خلاف ورزی کرتے ہوئے اوور ٹائم ادائیگی کے بغیر ہی 12,12گھنٹے یومیہ کام لے رہی ہے جس کی وجہ سے اُن کی سماجی زندگی برباد اور وہ اپنے خاندان اور معاشرہ سے بھی کٹ کر رہ گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وہ سمجھتے ہیں کہ HBLکی موجودہ انتظامیہ کے بعض سینئر ایگزیکٹوز ملازمین کے حقوق کے بدترین استحصال میں ملّوث ہیں اور اگر اُنہوں نے اپنی اس منفی پالیسی کو ترک نہ کیا تو اُن کے خلاف ملازمین کے لئے صدائے احتجاج بلند کرنے کے سواہ کوئی چارہ نہیں ہوگا۔

حبیب الدین جنیدی نے ادارہ کی سی بی اے کی جدوجہد کو سراہتے ہوئے اُسے اور HBLکے تمام ملازمین کو یقین دلایا کہ پاکستان پیپلز پارٹی جدوجہد کے ہر مرحلہ میں اُن کے ساتھ کھڑی ہوگی ۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں