گارڈ کی فائرنگ کا معاملہ، زخمی ڈیلیوری بوائے کیلئے ایم کیو ایم رہنما خواجہ اظہار کا اہم اعلان

ڈیلیوری بوائے کو صحت یابی تک تنخواہ اور ادویات خود فراہم کروں گا، خواجہ اظہار الحسن

اتوار 25 جولائی 2021 20:20

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 جولائی2021ء) ایم کیو ایم رہنما اور رکن سندھ اسمبلی خواجہ اظہار نے کہا ہے کہ گارڈ کی مبینہ فائرنگ سے زخمی ہونے والے ڈیلیوری بوائے کو صحت یابی تک تنخواہ اور ادویات خود فراہم کروں گا۔تفصیلات کے مطابق خواجہ اظہار کے گارڈ کی مبینہ فائرنگ سے زخمی ہونے والے ڈیلیوری بوائے کے معاملے پر ایم کیو ایم رہنما نے کہا کہ واقعہ افسوس ناک ہے، زخمی کا علاج نجی اسپتال میں خود کروا رہا ہوں، مکمل صحت یابی تک اس کو تنخواہ اور ادویات بھی فراہم کروں گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ واقعے کی وقت میں موجود نہیں تھا، فائرنگ فلیٹ کے سامنے ہوئی۔خواجہ اظہار نے مزید کہا کہ سرکاری محافظ کی جانب سے فائرنگ نہیں کی گئی، ملزم کی تفصیلات پولیس کو فراہم کردی ہیں، گرفتاری میں مدد کریں گے۔خیال رہے کہ گزشتہ روز کراچی کے علاقے ڈیفنس بدر کمرشل میں ایم کیو ایم رہنما خواجہ اظہار کے گارڈ کی فائرنگ سے ڈیلیوری بوائے زخمی ہوگیا تھا۔ ایس ایس پی سائو تھ کے مطابق ڈیلیوری بوائے گھر میں کھانا دینے آیا تھا، 2 سے 3 بار گھر کی بیل بجائی تو سیکیورٹی عملے سے تلخ کلامی ہوئی جس کے بعد فائرنگ کا واقعہ پیش آیا۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں