سندھ جلد شجرکاری میں دنیا میں چوتھا نمبر حاصل کرلے گا ،ناصر حسین شاہ

پاکستان اس وقت درجہ بندی میں ساتویں نمبر پر موجود ہے اور اگلے دو سے تین ماہ میں درجہ بندی میں مزید بہتری متوقع ہے،صوبائی وزیر بلدیات

ہفتہ 18 ستمبر 2021 00:23

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 ستمبر2021ء) پاکستان دنیا میں مینگروز لگانے والے ملکوں کی عالمی درجہ بندی میں سندھ حکومت کے محکمہ جنگلات کی شجرکاری مہم کی وجہ سے جلد چوتھے نمبر کی درجہ بندی حاصل کر لے گا پاکستان اس وقت درجہ بندی میں ساتویں نمبر پر موجود ہے اور اگلے دو سے تین ماہ میں درجہ بندی میں مزید بہتری متوقع ہے ان خیالات کا اظہار سندھ کے صوبائی وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ نے نیشنل فورم فار انوائرنمنٹ اینڈ ہیلتھ کے تحت منعقدہ 18ماحولیاتی کانفرنس اور ایوارڈ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر سندھ کے صوبائی وزیر ماحولیات محمد اسماعیل راہو، کراچی چیمبر آف کامرس کے صدر شارق وہرا، نیشنل فورم فار انوائرنمنٹ اینڈ ہیلتھ کے صدر محمد نعیم قریشی، سیکریڑی جنرل رقیہ نعیم، نائب صدر انجنئر ندیم اشرف، جوائنٹ سیکریڑی خالد اقبال، آباد کے پیڑن محسن شیخانی، انیق احمد، پی پی ایم اے کے سابق چیئرمین ڈاکڑ قیصر وحید، سی ای او ای ایم سی پاکستان ندیم عارف، دعا فاؤنڈیشن کے سیکر یٹری جنرل ڈاکڑ فیاض عالم، شمس الحق میمن و دیگر نے بھی خطاب کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ناصر حسین شاہ نے کہا کہ سندھ فارسٹ ڈیپارٹنمنٹ نے بہت تیزی سے مینگروز کے جنگلات بنائے ہیں اور ایک دن میں سب سے زیادہ مینگروز لگانے کا ریکارڈ بھی قائم کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ شہری جنگل لگانے کے منصوبے پر بھی کلفٹن، لیاری ایکسپریس وے اور شاہ فیصل کالونی میں شروع کیا جا چکا ہے۔انہوں نے کہا کہ محکمہ بلدیات سندھ میں ماحولیات کی بہتری کیلئے سیورج اور صفائی ستھرائی کے نظام کی بہتری کیلئے بھی کام کر رہا ہے۔

اس موقع پر صوبائی وزیر ماحولیات اسماعیل راہو نے کہا کہ صوبائی حکومت کو ماحولیات کی بہتری کیلئے غیر سرکاری اداروں اور نجی شعبے کے کیساتھ کی بھر پور ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ سندھ کے پاس اپنا ماحولیاتی قانون اور ایک ماحولیاتی ایجنسی بھی موجود ہے مگر قانون پر عملدرآمد کروانے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ لوگوں کو ماحولیات کے سنگین مسائل کے حوالے سے آگاہی فراہم کرنے کی اشد ضرورت ہے۔

اس موقع پر کراچی چیمبر کے صدر شارق وہرا نے کہا کہ کراچی کے بہت سی صنعتوں کو عالمی معیار کے مطابق ماحولیاتی قوانین پر عمدرآمد کرنا ضرور ی ہوتا ہے تاکہ وہ اپنا سامان بیرون ملک بیج سکیں۔انہوں نے کہاکہ سیپا کا کردار بہت اہم ہے وہ تمام صنعتوں کو ماحولیاتی قوانین پر عمدرآمد کروانے میں مدد فراہم کرتی ہے۔انہوں نے کہا کہ شہر میں ٹرانسپورٹ کی صورتحال بہت خراب ہے اور اس سے ماحول پر بھی منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔

اس موقع پر نیشنل فورم کے صدر محمد نعیم قریشی نے کہا کہ ان کے ادارے کی کمشنر کراچی آفس اور سندھ محکمہ جنگلات کے تعاون کے تحت شہر میں 3,50,000پودے لگائے جا چکے ہیں۔ اس موقع پر آباد کے پیٹرن محسن شیخانی نے کہا کہ کراچی میں نئے تعمیر ہونے والے رہائشی اور کمرشل منصوبوں میں شجرکاری کو لازمی قرار دیا جائیگا۔ تقریب کے اخر میں 80 سے زائد تجارتی، صنعتی اور سماجی اداروں کو بہترین کارکردگی پر ایوارڈ دیئے گئی

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں