لیاری یونیورسٹی کے وی سی ڈاکٹر اختر بلوچ کو فی الفور برطرف کر کے سخت سے سخت کاروائی کی جائے،اراکین اسمبلی ایم کیو ایم پاکستان

ایم کیو ایم پاکستان کے اراکین اسمبلی کاجامعہ لیاری کے وائس چانسلر کی جانب سے طالبات اورخواتین کوہراساں کرنے کی شدید الفاظ میں مذمت

جمعرات 20 جنوری 2022 00:44

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جنوری2022ء) ایم کیو ایم پاکستان کے اراکین اسمبلی نے بینظیر بھٹو کے نام سے منسوب جامعہ لیاری کے وائس چانسلر کی جانب سے طالبات کوہراساں کرنے پر شدید الفاظ میں مذمت کا اظہار کیا ہے۔اراکین اسمبلی نے کہا کہ جامعہ لیاری کے وائس چانسلرکی جانب سے طالبات کوہراساں کرنے کے بعد خاتون افسر کو بھی ہراساں کیا گیاجس پر خاتون افسر نے وومن ہراسمنٹ سیل میں شکایت بھی درج کروائی لیکن وائس چانسلر نے کیس ختم کروادیا، جامعہ کراچی سے لیکر جامعہ لیاری تک دورانِ ملازمت لاتعداد طالبات کو ہراساں کرنے کی متعدد شکایات موصول ہونے کے باوجودایسے افسران کو عہدے پر رکھنا سند ھ کی نا اہل حکومت پر سوالیہ نشان ہے۔

اراکین اسمبلی نے کہا کہ میڈیا زرائع کے مطابق وائس چانسلر اختر بلوچ نے حکمراں جماعت کی رکن سندھ اسمبلی شازیہ کریم کو بھی نازیبا پیغامات بھیجے جس پر انہوں نے ایف آئی اے اور وزیراعلی ہاوس میں شکایت بھی درج کروادی ہے جس پر ابھی تک کسی قسم کی کوئی کاروائی عمل میں نہیں لائی گئی، اتنا سب کچھ ہونے کے بعد بھی سندھ حکومت خواب خرگوش میں سو رہی ہے۔

(جاری ہے)

اراکین اسمبلی نے چیف جسٹس آف پاکستان،گورنرسندھ و دیگر اعلی حکام سے مطالبہ کیا کہ لیاری یونیورسٹی کے وی سی ڈاکٹر اختر بلوچ کو فی الفور برطرف کر کہ سیڈا(CEDAW) کے قوانین کو مد نظر رکھتے ہوئے سخت سے سخت کاروائی کی جائے اور خواتین کو ہراساں کرنے والوں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں